دہشت گرد بیرونی امداد حاصل کر کے بلوچستان میں حالات خراب کرکے پاکستان کے امن کو سبوتاژکرنا چاہتے ہیں،جماعت اسلامی فیصل آباد

ہفتہ 30 ستمبر 2023 21:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2023ء) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،جنرل سیکرٹری شیخ محمدمشتاق نے عیدمیلادالنبی ﷺکے مبارک موقع پر مستونگ اور ہنگو میں ہونے والے خودکش دھماکوں میں بے گناہ شہریوںکی شہادت پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی ہر کارروائی کی کڑیاں بھارت اور امریکہ سے جا کر ملتی ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارت اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے پاکستان میں اپنی ایجنسیوںکے ذریعے مداخلت کر کے اور ایسی وارداتوں کو فرقہ ورانہ ثابت کرکے پاکستان کی سلامتی کونقصان پہنچانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بیرونی امداد حاصل کر کے بلوچستان میں حالات خراب کرکے پاکستان کے امن کو سبوتاژکرنا چاہتے ہیں۔ بھارت کو پاک چین اقتصادی راہداری ایک آنکھ نہیں بھا رہی اس لئے اس کی طرف سے اس منصوبے کوناکام بنانے کے لئے ہرممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔

حالیہ دھماکے بھی اسی کڑی کاشاخسانہ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت دھماکے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی وطبی امداد کرے اور اس دہشت گردی کی کاروائی میں ملوث عناصر کوگرفتار کرکے جلدانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔