حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے،ڈاکٹر ندیم جان

پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط نہ کئے جانے تک بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بڑھتا رہے گا،اسلام آباد کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کو جدید ،ریجنل ہیلتھ سینٹر کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے،نگران وزیر صحت

ہفتہ 30 ستمبر 2023 22:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2023ء) نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے،پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط نہ کئے جانے تک بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بڑھتا رہے گا،اسلام آباد کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کو جدید ترین سینٹر بنایا جا رہا ہے ،ریجنل ہیلتھ سینٹر کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیرصحت ڈاکٹر ندیم جان نے یہ بات وفاقی دارالحکومت میں صحت کی سہولیات کے بارے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سے بریفنگ حاصل کرتے ہوئے کہی۔ وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر کو جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے صحت کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیو اور حفاظتی ٹیکوں کی بہترین کوریج کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ جب تک پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط نہیں کیا جاتا، بڑے اسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بڑھتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کو جدید ترین سینٹر بنایا جا رہا ہے جبکہ ریجنل ہیلتھ سینٹر کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں کے مریضوں کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔