دہشتگردی کے واقعات، غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا امکان

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 3 اکتوبر کو نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 1 اکتوبر 2023 10:36

دہشتگردی کے واقعات، غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 اکتوبر 2023ء ) ملک میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران وفاقی حکومت نے ملک میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد بڑے ایکشن کا فیصلہ کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 3 اکتوبر کو نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کااجلاس طلب کر لیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اجلاس کے شرکاء کو ملکی سکیورٹی پر بریفنگ دیں گے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ملک میں مقیم غیر ملکیوں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا جائے گا اور نیشنل ایکشن پلان پر غور کے ساتھ اہم نکات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں عسکری حکام نگراں کابینہ کے اراکین اور دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے، اس کے علاوہ چاروں نگراں صوبائی وزرائے اعلیٰ کو بھی اجلاس میں مدعوکیا گیا ہے، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور چاروں آئی جی پولیس بھی شریک ہوں گے۔

بتایا جاتا ہے چند روز میں دہشتگردی کے کئی واقعات رونما ہوئے، جن میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مستونگ میں مسجد کے باہر جلوس میلاد النبی ﷺ سے قبل خودکش حملے اور ہنگو میں نماز جمعہ کے موقع پر مسجد میں خودکش حملے میں پولیس افسر سمیت درجنوں شہری شہید ہوئے، اسی طرح گزشتہ رات گئے میانوالی میں کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا جب کہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔