یہاں ایک لیڈر پر مشکل آئی نہیں اور پوری جماعت ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی، مریم نواز

ن لیگ کے ورکرز کو سلام جنہوں نے اپنے لیڈر کا ساتھ نہیں چھوڑا، لیگی رہنما مریم نواز کا جلسے سے خطاب

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 1 اکتوبر 2023 22:52

یہاں ایک لیڈر پر مشکل آئی نہیں اور پوری جماعت ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی، مریم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 اکتوبر2023ء) لیگی رہنما مریم نواز نے تحریک انصاف پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں ایک لیڈر پر مشکل آئی نہیں اور پوری جماعت ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی۔ انہوں نے شاہدرہ میں ن لیگ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے ورکرز کو سلام جنہوں نے اپنے لیڈر کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار نواز شریف پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر واپس آئے، جس جس نے سابق وزیراعظم کو نکالا وہ آج تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں۔

نواز شریف نے آسمان کی طرف دیکھ کر کہا تھا کہ اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ جس نے کہا نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی وہ آج گھر میں بیٹھ کر دیکھ رہا ہے نواز شریف واپس آ ر ہے ہیں ، آج ہر طرف سے آواز آ رہی ہے ایک وارفیر شیر۔

(جاری ہے)

ہر مشکل وقت میں بھی شاہدرہ سے شیر کی ہی آواز آئی ، نواز شریف کی آمد آمد ہے، ایک بار پھر رنگ سجنے والے ہیں، 21اکتوبر کو کون آ رہا ہے؟۔

ن لیگ کی چیف آرگنائزرکہناتھاکہ21اکتوبر کو نواز شریف سے ملنے کہاں جانا ہے؟ 4سال بعد شاہدرہ اور نواز شریف کی ملاقات مینار پاکستان پر ہو گی۔ 21اکتوبر کو ایک شخص نہیں، پاکستان کی خوشحالی واپس آ رہی ہے، 21اکتوبر کو مہنگائی ،لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کاخاتمہ کرنے والے نواز شریف واپس آرہے ہیں ۔ خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کےدور میں بجلی کے بل بھی لوگ دیتے تھے اور گھر بھی چلتا تھا، جب سے نواز شریف کو نکالا گیا ہمارے گھروں سے روشنی بھی نکل گئی،سکون بھی چلا گیا، آج نواز شریف سے سب کچھ چھیننے والے کہاں ہیں؟۔

آج سب چھیننے والےعبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں، نواز شریف کو عبرت کا نشان بنانا چاہا مگر اس کا استقبال پورا پاکستان کر رہا ہے، ن لیگ کے قائد کو ختم کرنے کی یہ پہلی کوشش نہیں تھی۔