Live Updates

عید گاہ گرانڈ ناظم آباد میں لبریکنٹ سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں مہمان خصوصی حافظ نعیم الرحمن کی شرکت

تعلیم اور کھیل ہماری اولین ترجیح ہے، ٹاون کی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں گی:امیرجماعت اسلامی کراچی

پیر 2 اکتوبر 2023 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2023ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عید گاہ گراونڈ ناظم آباد میں لبریکنٹ سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین ناظم آباد ٹاون،سید محمد مظفر، وائس چیئرمین محمد نعمان صدیقی، وائس چیئرمین نارتھ ناظم آباد ٹاون ضیا الدین جامعی، منتخب عوامی نمائندے، جماعت اسلامی کے ذمہ دا ران اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ تعلیم اور کھیل ہماری اولین ترجیح ہے، ٹاون کی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، ٹاون کے بلدیاتی نمائندے کھیل و تفریح کے میدانوں کو آباد رکھنے میں تعاون کریں گے، ٹاون کی سطح پر کھیلوں کے فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، نوجوانوں کی صلاحیتیں مثبت پروگراموں کے زریعے اجاگر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے اپنے اختیارات کے مطابق بہترین کام کرنے کی کوشش کررہے ہیں اس سلسلے میں اجڑے ہوئے پارکس اور پلے گراونڈ کی بحالی کے ساتھ کھیلوں کے میدانوں میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے شعبہ الخدمت کے تحت تعلیم اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے " بنو قابل "پروگرام جاری ہے۔

اس پروگرام کے تحت حالیہ دنوں میں کھلاڑیوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی اور گولڈ اور سلور کے تمغے حاصل کئے، کرکٹ میچ کے اختتام پر حافظ نعیم الرحمن نے فاتح ٹیم کو ٹرافی دی اور کھلاڑیوں میں میڈل تقسیم کئے۔ آخر میں منتظمین کی جانب سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات