میٹ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے کمشنر کراچی کے گوشت کے نرخ مسترد کر دیے

ہفتہ 7 اکتوبر 2023 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2023ء) میٹ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے کمشنر کراچی کی جانب سے گوشت کے نرخ مسترد کر دیے۔ گذشتہ روز ہارون قریشی کی زیر صدارت ایسوسی ایشن کے منعقدہ ہنگامی اجلاس میں کہا گیا کہ 3 اکتوبر کو کمشنر کراچی کی جانب سے گوشت فروشوں کی 1969 سے نمائندہ تنظیم کو اعتماد میں لیے بغیر جاری کئے گئے نرخ غیر منطقی اور ناقابل عمل ہیں۔

اجلاس میں جنرل سیکرٹری سکندر اقبال قریشی، حاجی غیاث الدین قریشی، اسماعیل احمد قریشی، محمد کامل قریشی، کامران قریشی، چیئرمین جاوید قریشی، محمد نعیم اسلم قریشی، اقبال قریشی اور دیگر سینیئر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کمشنر کراچی نے جو گوشت کے نرخ مقرر کیے ہیں اس سلسلے میں ایسوسی ایشن کے اعتماد میں لیے اور مشاورت کیے بغیر مسلط کیے گئے جانور کی قیمت اور اس پر آنے والے اخراجات کا تعین کیے بغیر جاری نرخ منصفانہ اور کاروباری اصولوں کے مطابق کیسے ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے زور دیا کہ کمشنر کراچی نے گوشت کے نرخ مقرر کرنے کے لیے جو نام نہاد میٹنگ کی تھی اس میں ایسوسی ایشن کے کسی نمائندے کو مدعو نہیں کیا گیا، بلکہ ایسے افراد کو مشاورت کے لیے بلایا گیا جن کا گوشت کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ایسا گمان ہوتا ہے کہ کمشنر کراچی یا ان کی ٹیم نے گوشت کے نرخ طے کر کے ہماری طرف سے بھی اپنے ہی لوگوں کو بلا لیا کیونکہ اجلاس میں گوشت فروشوں کے نمائندے کے طور پر ایک پولیس اہلکار محمد ندیم ولد محمد سلام پیٹی نمبر 630 کو بھی بلالیا گیا جو ملیر پولیس میں حاضر سروس ہے، اس کا گوشت کے کاروبار سے کوئی لینا دینا نہیں اس سے کمشنر کراچی اور ان کی ٹیم کی بدحواسی یا بدنیتی ظاہر ہوتی ہے۔

اس سلسلے میں ایسوسی ایشن کے اراکین تحریری طور پر کمشنر افس میں اپنی درخواست جمع کرا چکی ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ گوشت فروشوں پر بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں۔ ایسوسی ایشن اس کی پرزور مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ بھاری جرمانے اور چھاپے فوری طور پر بند کیے جائیں اور ایسوسی ایشن سے باقاعدہ میٹنگ کر کے گوشت کی حالیہ مہنگائی کے حساب سے نئے نرخ مقرر کیے جائیں۔۔