انجمن تاجران آل پاکستان نے ہر بدھ کو مارکیٹیں کاروباربند کرنے کی تجویز مسترد کردی

پنجاب حکومت اپنے فیصلے پر فوری نظرثانی کرے، یہ کون سی اسموگ ہے جو صرف بدھ کو ہی پڑے گی، دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں، رکشوں اور بھٹوں کو بند کیا جائے، بدھ کو معمول کے مطابق مارکیٹیں کھولیں گے۔انجمن تاجران کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 10 اکتوبر 2023 19:01

انجمن تاجران آل پاکستان نے ہر بدھ کو مارکیٹیں کاروباربند کرنے کی تجویز ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اکتوبر 2023ء) انجمن تاجران لاہور نے مارکیٹوں، کاروبار کو بدھ کے روز بند کرنے کی تجویز مسترد کردیا ، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے فیصلے پر فوری نظرثانی کرے، یہ کون سی اسموگ ہے جو صرف بدھ کو ہی پڑے گی۔ تفصیلات کے مطابق صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ کی زیرصدارت شاہ عالم مارکیٹ میں اجلاس ہوا، جس میں حکومت پنجاب کے اسموگ کی وجہ سے کاروبار، مارکیٹیں اور اسکولز بدھ کے روز بند کرنے کی تجویز پر غور کیا۔

اجلاس میں انجمن تاجران لاہور بدھ کے روز مارکیٹوں کو بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔ اسی طرح صدر انجمن تاجران آل پاکستان کا کہنا ہے کہ لاہور کی تمام بڑی مارکیٹوں کے صدور نے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا ہے، اگلے بدھ کو مارکیٹوں کو معمول کے مطابق کھولیں گے، یہ کون سی اسموگ ہے جو صرف بدھ کے روز ہی پڑے گی۔

(جاری ہے)

صدر انجمن تاجران لاہور نے تجویز دی کہ مارکیٹوں کو بند کرنے کی بجائے دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں ، رکشوں اور بھٹوں کو بند کیا جائے۔

خدارا معیشت کا پہیہ چلنے دیں زبردستی کے فیصلوں کو مسلط نہ کیا جائے، پنجاب حکومت بدھ کے روز مارکیٹوں کو بند کرنے کے فیصلے پر فوری نظرثانی کرے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی صدارت میں سموگ کے تدارک کے سلسلے میں خصوصی اجلاس بلایا گیا، جس میں سی سی پی او لاہور اور شہر کی بڑی مارکیٹوں کے تاجر رہنما بھی شریک ہوئے، اجلاس میں قائم مقام ڈی سی لاہور عدنان رشید ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان رانجھا اور اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔

کمشنر لاہور نے بتایا ہے کہ سموگ کے تدارک کے لیے تاجروں نے کمشنر لاہور اور سی سی پی او کی تجویز مان لی ہے، جس کے نتیجے میں اب بدھ کے روز مارکیٹیں، اسکول، سرکاری و نجی ادارے بند ہوں گے کیوں کہ منگل، بدھ اور جمعرات کو سموگ کا انڈیکس زیادہ ہوتا ہے۔ اسی طرح ترجمان کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ کل بروز بدھ تمام تعلیمی ادارے، مارکیٹیں و دفاترمعمول کے مطابق کھلیں گے انسداد سموگ کیلیے بدھ کی چھٹی کی تجویز کا اطلاق حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد آئندہ ہفتے سے ہوگا، کل چھٹی کی خبر درست نہیں۔ تعلیمی اداروں ودفاتر میں ورک فرام ہوم کی تجویز پر فیصلہ پنجاب حکومت کریگی۔