آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ ،پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پانچ بار مد مقابل ہوئیں ، پروٹیز کا پلڑا بھاری

جمعرات 26 اکتوبر 2023 16:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2023ء) آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں 5 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں ، پروٹیز کا پلڑا بھاری رہا، انہوں نے 3 میچز میں کامیابی سمیٹ رکھی ہے جبکہ پاکستان محض 2 فتوحات حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے، یہ دونوں جیت سال 2015 اور 2019 میں آئی ہیں۔

(جاری ہے)

میگا ایونٹ میں گرین شرٹس 5 میچز میں سے محض 2 میں کامیابی سمیٹ کر 4 پوائنٹس حاصل کرسکے ہیں جبکہ مسلسل 3 شکستوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

اس کے برعکس جنوبی افریقا ٹورنامنٹ کی ٹاپ فور ٹیموں میں سے ایک ہے جس کو نیدر لینڈز کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ پروٹیز نے سری لنکا، آسٹریلیا، انگلینڈ اور بنگلادیش جیسی بڑی ٹیموں کو بڑے مارجن سے ہرایا ہے۔ افریقی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 5 میچز میں 4 فتوحات کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔