وفاقی پولیس نے نان کسٹم پیڈ گاڑی پکڑنے آئے کسٹم حکام اور اہلکاروں کو جیل بھیج دیا

جمعہ 27 اکتوبر 2023 21:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2023ء) وفاقی پولیس نے نان کسٹم پیڈ گاڑی پکڑنے آئے کسٹم حکام اور اہلکاروں کو ہی جیل بھیج دیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس نے نان کسٹم پیڈ گاڑی پکڑنے کیلئے آئے کسٹم حکام اور اہلکاروں کو حوالات بھیج دیا۔ذرائع نے بتایاکہ کسٹم حکام نے آئی جی اسلام آباد کے پرسنل اسٹاف آفیسر (پی ایس او)ڈی ایس پی نجیب شاہ کی گاڑی روکی تھی،وہ نجیب شاہ کی نان کسٹم پیڈ گاڑی تحویل میں لینا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کسٹم کی دو گاڑیاں،ایک انسپکٹر، 5جواں نان کسٹم پیڈ گاڑی کی ریکی کر رہے تھے،تاہم جی نائن سگنل کے قریب ڈی ایس پی نجیب شاہ کی گاڑی کو روکا گیا۔ذرائع نے بتایاکہ گاڑی روکی گئی تو آئی جی اسلام آباد کے پی ایس او نے فون کر کے ایس ایچ او کراچی کمپنی کو بلالیا۔ذرائع کے مطابق ایس ایچ او کراچی کمپنی نے پہنچ کر کسٹم حکام کو پکڑ کر حوالات میں بند کر دیا۔پولیس نے بتایاکہ آئی جی اکبر ناصر خان نے اپنے پی ایس او کو معطل کر کے انکوائری اور کسٹم افسر اور اہلکاروں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔