نومبر کے آغاز پر موسم سرد ہونے کے بجائے گرم ہو جانے کی پیشن گوئی

ملک کے کئی علاقے آئندہ چند روز کے دوران گرمی کی لہر کی زد میں ہوں گے

muhammad ali محمد علی پیر 30 اکتوبر 2023 22:32

نومبر کے آغاز پر موسم سرد ہونے کے بجائے گرم ہو جانے کی پیشن گوئی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 اکتوبر 2023ء ) نومبر کے آغاز پر موسم سرد ہونے کے بجائے گرم ہو جانے کی پیشن گوئی، ملک کے کئی علاقے آئندہ چند روز کے دوران گرمی کی لہر کی زد میں ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق اکتوبر کے ماہ کے اختتام پر جہاں ملک بھر میں سردیوں کی آمد کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، وہاں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی اور دیگر کئی علاقوں میں موسم سرد ہونے کے بجائے مزید گرم ہو جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی گرم ریگستانی ہواؤں کے کراچی پر اثرانداز ہونے کے سبب اگلے 3روز کے دوران تیز دھوپ نکلنے اورموسم گرم وخشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح سے دوپہرکے دوران سمندری ہوائیں مختصروقت کے لیے غیرفعال رہ سکتی ہیں،تاہم شام کے وقت سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں بحال ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35سے37 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے، دیہی سندھ کے اضلاع بھی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

یہاں واضح رہے کہ نومبر کی آمد پر ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ شمالی علاقہ جات میں تو سردیوں کی آمد پہلے ہی ہو چکی، تاہم میدانی علاقوں میں اکتوبر کے اختتام اور نومبر کے آغاز پر موسم سرد ہونے لگتا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے موسم کی صورتحال سے بھی رپورٹ جاری کی ہے۔ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد اورمطلع جزوی ابر آلودرہنے کا امکان ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہا۔ اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت منفی03 اور سکردو میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔