ورلڈ کپ، بھارت کا نیدرلینڈز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ بنگلورو میں کھیلا جارہا ہے اور یہ ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل آخری میچ ہے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 نومبر 2023 13:10

ورلڈ کپ، بھارت کا نیدرلینڈز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
بنگلورو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 نومبر 2023ء ) بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے 45 ویں میچ میں بھارت نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت اور نیدرلینڈز کا یہ میچ بنگلورو میں کھیلا جارہا ہے اور یہ ورلڈ کپ سیمی فائنل سے قبل آخری میچ ہے، دونوں ٹیموں نے پہلے مرحلے کے آٹھ آٹھ میچز کھیلے ہیں، بھارت اب تک کوئی میچ بھی نہیں ہارا ہے جب کہ نیدرلینڈز نے اپنے 2 میچز جیتے ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے اور نیدرلینڈز دسویں یعنی آخری نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوچکی ہے، بھارت ، جنوبی افریقہ ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے، میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 15 نومبر بروز بدھ کو میزبان ٹیم بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین وانکھیڈے اسٹیڈیم ممبئی میں کھیلا جائے گا، جہاں بھارتی ٹیم جارح مزاج بیٹر روہیت شرما کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور انہیں ویرات کوہلی ، محمد شامی ، روندرا جدیجا ، جسپریت بمرا ، شبمن گل جیسے بہترین کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کو کین ولیمسن لیڈ کریں گے دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں ٹرینٹ بولٹ ، مارک چیپمین ، ڈیرل مچل ، گلین فلپس اور ٹم ساؤدی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر بروز جمعرات کو جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈن گارڈنز ، کولکتہ میں کھیلا جائے گا جہاں جنوبی افریقہ کی ٹیم تیمبا بووما کی قیادت میں میدان میں اترے گی، دیگر اہم کھلاڑیوں میں کوئنٹن ڈی کوک ، راسی وین ڈر ڈاسن ، ایڈن مارکرم ، جیرالڈ کوٹزی ، لنگی نیگیڈی اور ہینرچ کلازن شامل ہیں جب کہ آسٹریلیا کو پیٹ کمنز لیڈ کریں گے اور انہیں ڈیوڈ وارنر ، مچل مارش ، مچل سٹارک ، سٹیون سمتھ ، گلین میکسویل ، جوش ہیزل ووڈ جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں ، میگا ایونٹ کا فائنل 19 نومبر بروز اتوار کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔