نو مئی کے واقعات ، 100 سے زائد ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا خارج

تمام ملزمان ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں اب کیس تفتیش کرنی ہے، عدالت کے نامزد ملزمان سے دوبارہ تفتیش کے معاملے پر سماعت میں ریمارکس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 23 نومبر 2023 14:04

نو مئی کے واقعات ، 100 سے زائد ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا خارج
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 نومبر 2023ء ) راولپنڈی انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی کے واقعات کے خلاف درج مقدمات میں نامزد ملزمان سے دوبارہ تفتیش کے معاملے پر سماعت ہوئی۔ پولیس نے نو مئی کے19 مقدمات میں 100 سے زائد نامزد ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا ۔کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی ۔نو مئی کے مقدمات میں نامزد ملزمان کی جانب سے پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے 100 سے زائد ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا خارج کردی۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے کہا کہ تمام ملزمان ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں اب کیس تفتیش کرنی ہے۔ عدالت نے تمام ملزمان کے جسمانی ریمانڈ خارج کردی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں نو مئی کے واقعات کی تحقیقات اور چالان جمع کرانے میں تاخیر پر آر پی او راولپنڈی نے نوٹس لے لیا۔

آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے سی پی او خالد ہمدانی کو اظہار ناراضگی کا خط لکھا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف 9 مئی کے واقعات پر 280 صفحات پر مشتمل چالان جمع کروادیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں شیر پاؤ پل پر پولیس گاڑیاں جلانے اور اداروں کے خلاف نعرے بازی کے کیس میں پراسیکیوشن نے پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کے خلاف 280 صفحات پر مشتمل چالان عدالت میں جمع کروا دیا، چالان میں 45 گواہان کی فہرست بھی شامل ہے، چالان میں ڈاکٹر یاسمین راشد ، رانا تنویر ،ریاض حسین اور ضیا خان سمیت چار ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان کو 24 نومبر کو طلب کر لیا۔