پاکستان اور کرغزستان پیشہ وارانہ و تکنیکی تربیت کے شعبہ میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، نگران وفاقی وزیر تعلیم

جمعرات 23 نومبر 2023 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2023ء) نگران وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نےکہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان پیشہ وارانہ و تکنیکی تربیت کے شعبہ میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان میں جمہوریہ کرغزستان کے سفیر اولانبیک ٹوٹیے کی قیادت میں اعلیٰ اختیاراتی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے کرغزستان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ثقافتی، لسانی اور عوام کے درمیان ایک دوسرے سے محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے حوالے سے مہارت اور علم کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو تسلیم کیا اور ان کی تعریف کی۔

مدد علی سندھی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نمایاں امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے انہوں نے عہدہ سنبھالا ہے اساتذہ کی تربیت اور تعلیم کے معیار کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کو اپنے دوطرفہ تعلقات خصوصاً ٹیکنالوجی، تعلیم اور تحقیق کے تبادلے میں اضافہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کو ڈیجیٹلائز کرنے سے آج اور کل کے متعدد چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔

انہوں نے عوامی تعلیم کے شعبے میں مروجہ مسائل کے ڈیجیٹل حل تیار کرنے کے لئے وزارت تعلیم کے ذریعہ تیار کردہ ای تعلیم اور ٹیلی سکول پلیٹ فارمز پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسلم ممالک کے ساتھ تعاون کیا ہے اور کرغزستان کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ کرغزستان میں 11 ہزار پاکستانی طلبا زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تبادلے سے تعلقات مضبوط ہوں گے ، ہمیں ای سی او جیسے کثیر جہتی پلیٹ فارمز پر بھی تعاون کی طرف دیکھنا چاہیے۔وفاقی وزیر مدد علی سندھی کو کرغزستان میں پاکستانی طلبا کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ایسے تمام باقی مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے اہم اثاثہ ہیں اور انہیں ہر طرح سے سہولت فراہم کی جانی چاہئے۔

پاکستان میں جمہوریہ کرغزستان کے سفیر اولانبیک ٹوٹیے نے کہا کہ کرغزستان کے عوام کی پاکستان کے ساتھ گہری وابستگی ہے، یونیورسٹی سے یونیورسٹی تعاون اور ٹیکنیکل انسٹی ٹیوشن ٹو ٹیکنیکل انسٹی ٹیوشن تعاون آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو کرغزستان میں استعمال ہونے والے ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم کے بارے میں بھی بتایا جس کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

مدد علی سندھی نے کہا کہ دونوں ممالک کو ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارمز کی ترقی پر مہارت کا تبادلہ کرنا چاہئے تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔مدد علی سندھی نے پاکستان کے تعلیمی نظام کو جدید بنانے میں موجودہ حکومتوں کی کوششوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاریخ اور ادب مشترک ہیں۔\932

متعلقہ عنوان :