پہلی پاکستانی خاتون فائٹر پائلٹ مریم مختیار کی 8ویں برسی منائی گئی

شہید پائلٹ مریم مختیار کراچی ملیر کینٹ کے قبرستان میں سپرد خاک ہوئیں، قوم کی نڈر اور دلیر بیٹی کو تمغہ شجاعت سے نوازا گیا

جمعہ 24 نومبر 2023 15:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2023ء) پاکستان کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ مریم مختیار کی جمعہ کو8ویں برسی منائی گئی، پاک وطن کی دلیر بیٹی نے جان کی قربانی دے کر جرا،ْت و بہادری کی تاریخ رقم کی۔مریم مختیار 18 مئی 1992 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے انٹرمیڈیٹ کا امتحان آرمی پبلک سکول و کالج ملیر کینٹ سے پاس کیا، مریم نے فٹبال کی بہترین کھلاڑی ہونے کی وجہ سے نیشنل ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں بلوچستان یونائیٹڈ کی نمائندگی بھی کی۔

(جاری ہے)

2014 میں مریم مختیار پاکستان ایئرفورس میں بطور گریجوایٹ شامل ہوئیں، ان کا تعلق پی اے ایف کے 132 ویں جی ڈی پائلٹ کورس سے تھا جس میں 6 دیگر خواتین بھی شامل تھیں، مریم مختیار کا شمار پاک فضائیہ کے جنگجو پائلٹس میں ہوتا تھا۔24نومبر 2015 کو تربیتی طیارے پر معمول کی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب جہاز میں فنی خرابی ہوئی تو بہادر مریم نے جہاز کا رخ غیر آباد علاقے کی طرف موڑ لیا مگر زندگی نے مہلت نہ دی اور انہوں نے دوران ڈیوٹی شہید ہونے والی پاک فضائیہ کی پہلی فائٹر پائلٹ کا اعزاز حاصل کیا۔شہید پائلٹ مریم مختیار کراچی ملیر کینٹ کے قبرستان میں سپرد خاک ہوئیں، قوم کی نڈر اور دلیر بیٹی کو تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔