چین کی نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن (این آر اے) کے تکنیکی ماہرین کی ٹیم کا وزارت ریلوے کا دورہ، ایم ایل ون منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ

اتوار 26 نومبر 2023 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2023ء) وفاقی سیکرٹری ریلویز مظہر علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان، چین کو اپنا قریبی دوست اور پارٹنرمانتا ہے اور چین، پاکستان کو اپنا آئرن برادر سمجھتا ہے، پاکستان ریلوے ایم ایل۔ ون پراجیکٹ پر کام کا جلد آغاز چاہتا ہے، یہ گیم چینجر منصوبہ پاکستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بدل کر رکھ دے گا اور پاکستان ریلوے کی آمدنی میں بھی نمایاں اضافہ کرے گا۔

وزارت ریلویز کی طرف سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کی نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن (این آر اے)کے تکنیکی ماہرین کے ایک اعلی سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ چین کی نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن (این آر اے)کے تکنیکی ماہرین کی ٹیم نے وزارت ریلوے کا دورہ کیا اور ایم ایل ون منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

این آر اے ماہرین کی ٹیم کے دورے کا مقصد ایم ایل ون منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لینا اور اسے تیز کرنا ہے۔ دورے کے مقاصد میں منصوبے کی تکنیکی اور تجارتی عملداری کی تصدیق کرنا بھی شامل ہے۔ وفاقی سیکرٹری نے وفد کا خیر مقدم کیا اور آگاہ کیا کہ پاکستان ریلوے ایم ایل ون پراجیکٹ پر کام کا جلد آغاز چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کو اپنا قریبی دوست اور پارٹنر مانتا ہے اور چین پاکستان کو اپنا آئرن برادر سمجھتا ہے۔

سید مظہر علی شاہ نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو تبدیل کر دے گا۔ سیکرٹری ریلویز نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ ایک گیم چینجر ہے جو پاکستان ریلوے کی آمدنی میں نمایاں اضافہ کرے گا، پاکستان ریلوے اس منصوبے پر زمینی کام کا جلد آغاز چاہتا ہے۔

سیکرٹری ریلویز نے کہا کہ ایم ایل منصوبہ پاکستان کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر چینی نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن کے تکنیکی ماہرین کی ٹیم کے سربراہ مسٹر ژو منگروئی نے کہا کہ نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن(این آر اے) پاکستان ریلوے کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ اس منصوبے پر کام جلد شروع کیا جا سکے۔ مسٹر ژو منگروئی نے مزید کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کو چینی حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے اور ہم اس منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے مل کر کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :