یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا سنڈیکیٹ اجلاس،

نئی تقرریوں اور نرسنگ کالجوں کے الحاق کی منظوری

پیر 27 نومبر 2023 21:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 نومبر2023ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی سنڈیکیٹ کا 76واں اجلاس پیر کے روز وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کی صدارت میں ہوا جس میں 29 نئے فیکلٹی ممبرز کے تقرر اور دس نرسنگ کالجوں کے الحاق کی منظوری دی گئی۔ سلیکشن بورڈ کی سفارش پر جن نئی تقرریوں کی منظوری دی گئی ان میں شعبہ ہیماٹولوجی کیلئے ایک پروفیسر اور ایک اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ فزیالوجی میں میرٹ کے بنیاد پر دو ایسوسی ایٹ پروفیسرز، شعبہ ہسٹوپیتھالوجی، ڈینٹل میٹریلز، پبلک ہیلتھ اور نرسنگ میں ایک ایک اسسٹنٹ پروفیسر اور فارمیسی اور فارماکولوجی کے شعبوں میں بھی ایک ایک اسسٹنٹ پروفیسر کا تقرر شامل ہے۔

مزید برآں فارماکا گنوسی میں ایک، انگریزی کے مضمون میں تین، میڈیکل سائنسز کیلئے چھ، مطالعہ پاکستان اور اسلامیات کے مضامین کیلئے ایک ایک لیکچرر کے تقرر کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

فزیکل تھراپی کے شعبے کیلئے سینئر فزیو تھراپسٹ اور فزیو تھراپسٹ کی دو دو پوزیشنز جبکہ گریڈ17 میں اکوپیشنل تھراپسٹ کی ایک اور سپیچ اینڈ لینگوئج پیتھالوجسٹ کے دو آسامیوں پر بھی تقرر کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ان پوسٹوں کیلئے 174 اہل امیدواروں کے انٹریو ز 20 سے 23نومبر کے دوران لیے گئے۔سلیکشن کے عمل میں پنجاب پبلک سروس کمیشن اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر سنڈیکیٹ نے 9 سرکاری اور ایک پرائیویٹ نرسنگ کالج کے الحاق کی منظوری دی۔ تمام کالج پاکستان نرسنگ کونسل سے منظور شدہ ہیں۔ جن کالجز کے الحاق کی منظوری دی گئی ان میں نرسنگ کالج ڈی ایچ کیو نارووال، گورنمنٹ آئی کم جنرل ہسپتال گوجرہ، ڈی ایچ کیو شیخوپورہ، ڈی ایچ کیو اوکاڑہ، وہاڑی، لودھراں، خانیوال، لیہ اور بھکر کے نرسنگ کالج شامل ہیں۔

پرائیویٹ شعبہ میں کالج آف نرسنگ نیازی میڈیکل کالج سرگودھا کو الحاق دیا گیا ہے۔ تمام نرسنگ کالج 4سالہ بی ایس نرسنگ پروگرام شروع کرسکیں گے۔ سنڈیکیٹ نے ٹینور ٹریک پر بھرتی ہونے والے 17 فیکلٹی ممبر کی تنخواہوں میں سالانہ اضافے کی بھی منظوری دیدی۔ اجلاس میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرو وی سی یو ایچ ایس پروفیسر نادیہ نسیم، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر عائشہ عارف، چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف فیصل آباد محمد حیدر امین، پروفیسر ارشد چیمہ، پروفیسر سدرہ سلیم، پروفیسر ثمینہ کوثر، سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، رجسٹرار یو ایچ ایس پروفیسر سارہ غفور، پروفیسر مریم ملک، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ پنجاب عبدالقادر نے شرکت کی جبکہ پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج بہاولپور پروفیسر صوفیہ فرخ اور سپیشل سیکرٹری صحت راجہ منصور احمد ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔