پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو اپنے عقائد اور رسم و رواج کے مطابق مذہبی تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا بابا گرو نانک کے جنم دن کے موقع پر سکھ برادری کے نام مبارکباد کا پیغام

پیر 27 نومبر 2023 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2023ء) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو پاکستان کے آئین کے مطابق اپنے عقائد اور رسم و رواج کے مطابق مذہبی تہوار منانے کی آزادی حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

پیر کو بابا گرو نانک دیو جی کے 554 ویں جنم دن کے موقع پر سکھ برادری کے نام مبارکباد کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی سکھ کمیونٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، گرو نانک دیو جی نے ہمیشہ محبت، امن اور ہم آہنگی کے فروغ کا درس دیا ہے، تمام مذاہب کے مذہبی تہوار کو منا کر بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی سکھ برادری نے پاکستان کی تعمیر وترقی میں قابل ستائش کردار ادا کیا ہے، دنیا بھر سے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو گرو نانک کی جائے پیدائش ننکانہ صاحب آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، ہمارا مذہب اسلام محبت، امن، بھائی چارے اور رواداری کا درس دیتا ہے۔