پاکستان رہائش کے لیے دنیا کا سستا ترین ملک قرار

139ممالک کی لسٹ میں پاکستان رہائش کے اعتبار سے سستے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے

Sajid Ali ساجد علی منگل 28 نومبر 2023 13:47

پاکستان رہائش کے لیے دنیا کا سستا ترین ملک قرار
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2023ء ) پاکستان کو رہائش کے لیے دنیا کا سستا ترین ملک قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ سٹیٹسٹکس نامی ویب سائٹ کی جانب سے پاکستان کو رہائش کے لحاظ سے دنیا کا سب سے سستا ملک قرار دیا گیا ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ورلڈ آف اسٹیٹسٹکس نے بتایا ہے کہ 139ممالک کی لسٹ میں پاکستان رہائش کے اعتبار سے سستے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے، پاکستان کے بعد مصر رہائش کے لیے دوسرا سستا ترین ملک ہے جب کہ بھارت کا اس فہرست میں تیسرا نمبر ہے اور لسٹ میں نائجیریا، لیبیا، شام اور کینیا جیسے ممالک کو بھی رہائش کے لیے پاکستان سے مہنگا ملک کہا گیا ہے۔

علاوہ ازیں رواں برس مارچ میں دنیا کے سب سے بڑے ڈیٹا بیس نمبیو ڈاٹ کام نے بھی پاکستان کو دنیا میں رہنے کے لیے سب سے سستا ملک قرار دیا تھا تاہم یہ اعداد و شمار ایک طرف مجموعی طور پر ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی کے باوجود 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح کمی کے بعد 41 اعشاریہ 13 فیصد ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ حالیہ ہفتے میں لہسن فی کلو 26 روپے، پیاز کی فی کلو قیمت میں 3 روپے، زندہ مرغی فی کلو 6 روپے مہنگی ہوئی، دال مسور 3 روپے، دال مونگ، دال چنا ایک ایک روپے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 16 روہے، آگ جلانے والی لکڑی 6 روپے، ماچس کی ڈبیہ، سرسوں کا تیل اور آلو بھی مہنگے ہوئے ہیں۔