نفسیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے قومی ذہنی صحت کی پالیسی ناگزیر ہے ، صدر مملکت

منگل 28 نومبر 2023 22:35

نفسیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے قومی ذہنی صحت کی پالیسی ناگزیر ہے ، صدر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2023ء) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ نفسیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے قومی ذہنی صحت کی پالیسی ناگزیر ہے ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرِ صدارت ذہنی صحت سے متعلق اجلاس ہوا جس میں نگران وفاقی وزیر صحت سمیت صوبائی محکموں اور نفسیاتی صحت پر کام کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

صدر مملکت نے کہاکہ ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کیلئے قومی سطح پر پالیسی کی ضرورت ہے، ملک کی 24 فیصد آبادی کو ذہنی صحت کے مختلف مسائل کا سامنا ہے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ ذہنی صحت کی خدمات کی فراہمی کیلئے ادارہ جاتی فریم ورک قائم کرنا ہوگا، نفسیاتی مسائل پر قابو پانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ضرورت ہے۔اجلاس میں وزارت قومی صحت کی جانب سے ذہنی صحت کی ایپ ’’ہمراز‘‘ پر روشنی ڈالی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایاگیاکہ اپریل 2023 میں قیام سے اب تک 240,000 سے زائد کالز موصول ہو چکی ہیں۔صدر مملکت نے ذہنی صحت کی خدمات کی فراہمی کیلئے ہمراز ایپ کے قیام کو سراہا۔صدر مملکت نے ذہنی صحت پر معاونت کا نظام بہتر کرنے اور ہمراز ایپ مؤثر بنانے پر زور دیا ۔ صدرمملکت نے بتایاکہ ذہنی صحت پاکستان کیلئے ایک اہم مسئلہ ہے ، سرکاری اور نجی شعبوں کی مہارت بروئے کار لانے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے بتایاکہ ذہنی صحت سے متعلق تمام اقدامات پر ایک مربوط نقطہ نظر اپنانا ہوگا۔صدر مملکت نے پیشہ ور افراد کی کمی دور کرنے کیلئے آن لائن تربیت ، انسانی وسائل کی استعداد کار میں اضافے پر زور دیا ۔اجلاس میں ذہنی صحت کے مسائل بارے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں نفسیاتی معاونت فراہم کرنے ، مسائل سے نمٹنے میں خاندان کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔

اجلاس میں متعلقہ وزارتوں، امریکہ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی نفسیاتی تنظیموں سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کی مدد سے مربوط نقطہ نظر کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔نگران وفاقی وزیر ِصحت نے صحت کے مختلف مسائل بارے شعور اجاگر کرنے میں صدر عارف علوی اور خاتون اول کے کردار کو سراہا۔ نگران وزیر صحت نے کہاکہ امید ہے کہ ایوان ِصدر کی قائم کی گئی نظیر برقرار رہے گی ، عمل جاری رکھا جائے گا۔