گرونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبا ، بھارت سمیت دینا بھر سے سکھ یاتریوں کی کرتارپور آمد کا سلسلہ جاری

بدھ 29 نومبر 2023 23:19

گرونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبا ، بھارت سمیت دینا بھر سے سکھ یاتریوں ..
نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2023ء) سکھ مذہب کے بانی گرونانک دیو جی کے 554ویں جنم دن کے موقع پر بھارت سمیت دینا بھر سے سکھ یاتریوں کی گوردوارہ صاحب کرتارپور آمد کا سلسلہ جاری ہے۔آج کے دن تک خیبر پختون خواہ،بلوچستان اور اندرون سندھ سمیت ملک کے طول و عرض سی30ہزار گورو نام لیوک اور سکھ مذہب کے ماننے والے گوردوارہ صاحب کرتارپور میں جنم دن کے حوالے سے ماتھا ٹیکنے کے ساتھ ارداس میں شامل ہو چکے ہیں۔

واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آنے والے 2475سکھ یاتری ننکانہ صاحب سمیت پاکستان کے مختلف گوردواروں پر حاضری دینے کے بعد 30نومبر کو سکھ مذہب کے نامور مذہبی رہنمائوں کی سربراہی میں گوردوارہ صاحب کرتارپور پہنچیں گے انکے علاوہ سپیشل پرمٹ کے حصول کے بعد 700سکھ یاتری بذریعہ کرتارپور کوریڈور گوردوارہ صاحب پہنچ کر جنم دن کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ امریکہ،کینڈا،آسٹریلیا،ملائشیا،انڈونیشیا اور یورپ سمیت دنیا بھر سے کثیر تعداد میں سیکھ یاتری گوردوارہ صاحب کرتارپور حاضر ہوکر مذہبی رسومات میں شرکت کرنے اور رات گوردوارہ صاحب کرتارپور میں گزارنے کے بعد اگلے دن 11بجے گوردوارہ صاحب میں ادا کی جانے والی ارداس میں شرکت کریں گے۔گوردوارہ صاحب کرتارپور میں یاتریوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات اور جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات بارے میڈیا سے گفتگو کرتے ھوئے ڈپٹی سیکرٹری پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ سیف اللہ کھوکھر کا کہنا تھا کہ جنم دن کے حوالے سے گوردوارہ صاحب میں یاتریوں کی سہولیات کے پیش نظر تمام تر انتظامات بہترین انداز میں کئے گئے ہیں۔

گوردوارہ صاحب پہنچنے والے یاتریوں کی تواضع لذیذ قسم کے پنجابی پکوانوں سے کی جائے گی۔رات قیام کرنے والے یاتریوں کے لئے پر آسائش بستر اور نہانے کے لئے گرم پانی کے مناسب انتظامات کردئیے گئے ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کی مذہبی اقدار اور انکے مذہبی مقامات کا دل و جان سے احترام کیا جاتا ھے اور اس عزم کی عکاسی گوردوارہ صاحب کرتارپور میں بدرجہ احسن دیکھی جاسکتی ہے۔ہم اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ گوردوارہ صاحب تشریف لانے والے مہمانوں کی خدمت اور سیوا کے لئے موجود ہیں۔