سرفراز احمد یا محمد رضوان، آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کون پلیئنگ 11 کا حصہ ہو گا؟

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اپنا فیصلہ سنا دیا، کینگروز کیخلاف تگڑے مقابلے کیلئے حکمت عملی بھی تیار کر لی

muhammad ali محمد علی بدھ 29 نومبر 2023 20:41

سرفراز احمد یا محمد رضوان، آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کون پلیئنگ 11 کا ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 نومبر 2023ء) سرفراز احمد یا محمد رضوان، آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کون پلیئنگ 11 کا حصہ ہو گا؟ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اپنا فیصلہ سنا دیا، کینگروز کیخلاف تگڑے مقابلے کیلئے حکمت عملی بھی تیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق دورہ آسٹریلیا کیلئے سلیکش کمیٹی کی جانب سے سرفراز احمد اور محمد رضوان کی صورت میں 2 وکٹ کیپرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔

شائقین کرکٹ میں تجسس پایا جاتا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں محمد رضوان اور سرفراز احمد میں سے کسے ترجیح دی جائے گی؟ اس حوالے سے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بتایا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلیے سرفراز احمد ان کا پہلا انتخاب ہوں گے۔ شان مسعود کے مطابق سرفراز کی جگہ پکی ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بھی سرفراز کی کارکردگی شاندار رہی تھی۔

(جاری ہے)

شان مسعود نے محمد رضوان کو بھی بطور بیٹر پلئینگ الیون کا حصہ بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہقومی ٹیم نے جب آخری بار آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا تو رضوان سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں سے ایک تھے۔ شان مسعود نے مزید کہا کہ کنڈیشنز کو دیکھ کر پلئینگ الیون کا حتمی انتخاب کریں گے۔ شان مسعود نے کہا کہ ہر ڈومیسٹک کرکٹر کے لیے دروازے کھلے ہیں اگر وہ 'پاکستان وے' پر چلیں۔

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر خرم شہزاد کا انتخاب موجودہ سیٹ اپ کے تحت ڈومیسٹک کرکٹ کو اہمیت دینے کی ایک مثال ہے۔ ایک پیغام بھیجا گیا ہے کہ ٹیم کے کھیلنے والے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے آنے والے ٹیسٹ دوروں کے لیے ڈومیسٹک پرفارمرز کا انتخاب کیا جائے گا۔ شان مسعود نے تسلیم کیا کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچز آسٹریلیا میں ٹیم کے مقابلے کے قریب ترین ہیں۔

وکٹوں پر گھاس رکھی گئی تھی اور انہیں آسٹریلیا کی وکٹوں کی نقل تیار کرنے کے لیے مزید رول کیا گیا تھا۔ کپتان نے کہا کہ پنڈی کی پچ آسٹریلیا کی پچوں جیسی تو نہیں تھی لیکن وہ پاکستان میں دستیاب بہترین پچز ہیں۔ شان مسعود نے مزید کہا کہ ٹیم ایک ایسی شناخت بنانے کی کوشش کر رہی ہے جسے ان کے پرستار پہچانیں۔ وہ مثبت سوچ کے ساتھ آسٹریلیا جا رہے ہیں۔