Live Updates

کابینہ نے سائفر کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کی منظوری دے دی

وزارت قانون و انصاف کی سمری پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 30 نومبر 2023 10:50

کابینہ نے سائفر کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کی منظوری دے دی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2023ء ) وفاقی کابینہ کی جانب سے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے جیل ٹرائل کی منظوری دے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف سائفر کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کی منظوری دے دی، وزارت قانون و انصاف کی سمری پر کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی، جس کے تحت سابق وزیراعظم اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر افراد کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت اڈیالہ جیل میں ہی ٹرائل ہوگا۔

بتایا گیا ہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذو القرنین کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی کابینہ سے منظوری لی گئی، کابینہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جیل ٹرائل کالعدم قرار دینے سے متعلق فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا، جس کے بعد وفاقی حکومت نے سائفرکیس اور 190 ملین پاونڈ کیس کے لئے عدالتوں کے قیام کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کرلیے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وفاقی کابینہ کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف کرپشن کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، اس حوالے سے وزرات قانون کی سمری پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی اور اب احتساب عدالت عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرے گی، جس کے لیے نیب کی جانب سے امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر اڈیالہ جیل میں عدالت کے قیام کی سفارش کی گئی، نیب کی ٹیم 190 ملین پاونڈ سکینڈل کی تحقیقات تقریباً مکمل کرچکی ہے اور جلد ہی ریفرنس دائر ہوگا جب کہ احتساب عدالت اس کیس میں ضمانت کا معاملہ بھی اڈیالہ جیل میں ہی سنے گی۔

خیال رہے کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس کے بھی دوبارہ جیل ٹرائل کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی پیشی سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا، جس میں کہا گیا ہے کہ سائفر کیس کے دوبارہ جیل ٹرائل کا فیصلہ کیا ہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی سکیورٹی رپورٹ کی روشنی میں سائفر کیس کا ٹرائل جیل میں ہی ہوگا، عوام اور میڈیا کو جیل سماعت میں موجود ہونے کی اجازت ہو گی، کیس کی سماعت سننے کے خواہشمندوں کو روکا نہیں جائے گا، میڈیا کو بھی سائفر کیس کی سماعت سننے کی اجازت ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات