Live Updates

توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان پر فرد جرم کا معاملہ ٹل گیا

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کیس ڈراپ کرنے کی استدعا کردی‘ سماعت 6 دسمبر تک ملتوی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 30 نومبر 2023 12:41

توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان پر فرد جرم کا معاملہ ٹل گیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2023ء ) توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فرد جرم کا معاملہ فی الحال ٹل گیا، سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان، اسد عمر، فواد چوہدری پر الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کی توہین کے کیس کی سماعت ہوئی، ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی، فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری اور عمران خان و اسد عمر کے وکیل شعیب شاہین کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن کی چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق آرڈر کی کاپی نہیں ملی، کوئی رپورٹ خفیہ نہیں تو وہ اب پبلک کریں، بصورت دیگر آپ رپورٹ وکیل کو تو دیں، کوئی رپورٹ ہمارے خلاف استعمال ہونی ہے، اگر جیل ٹرائل ہونا ہے تو پھر سارا ٹرائل وہاں ہو گا، ہم نے درخواست دی لیکن ہمیں کاپی نہیں ملی۔

(جاری ہے)

جس پر ممبر کمیشن نے کہا کہ اگر خفیہ نہیں تو ہم آپ کو رپورٹ کی کاپی دیتے ہیں، آپ کیس لڑنا بھی چاہتے ہیں اور کیس کو آگے بڑھاتے بھی نہیں، کیس کو ایک سال سے زیادہ ہو گیا، چارج فریم کرنا ہے وہ کہیں بھی کر سکتے ہیں، مسئلہ چارج فریم کا ہے۔ وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی ایک سب سے بڑی پارٹی کے چیئرمین ہیں، آپ کیس کو ڈراپ کر دیں‘، جس پر ممبر کمیشن نے کہا کہ ہم نے کارروائی چلانی ہے ہم نہیں دیکھ رہے کون ہے، کیس ڈراپ کرنے کا بھی ایک طریقہ ہوتا ہے، ایک سال سے زیادہ ہو گیا ہے، ہم دوسرے کاموں میں بھی الجھے ہیں۔

اس موقع پر فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ’ہمارا تو سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں، ہمارے پروڈکشن آرڈر دیں اور ہمارا کیس الگ کر دیں‘، اس کے جواب میں ممبر کمیشن نے کہا کہ ہم آرڈر کرتے ہیں۔ دوران سماعت ممبر کمیشن نے سابق وفاقی وزیر اسد عمر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’کبھی آپ نہیں آتے کبھی وکیل نہیں آتا‘، اس پر اسد عمر نے کہا کہ ’وکیل انور منصور بیمار ہیں، میں تو سب سے زیادہ پیش ہوا ہوں، اب تو میں سیاست بھی چھوڑ چکا ہوں، بیان جمع کرا رہا ہوں۔ ممبر کمیشن نے اسد عمر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ سیاست کریں، آپ کے معاملے پر آرڈر کرتے ہیں‘ ان ریمارکس کے ساتھ ہی کمیشن نے سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات