فیس بُک پر دوستی کے بعد پاکستان آکر شادی کرنے والی انجو بھارت واپس پہنچ گئی

دستاویزات حاصل کرنے کے بعد بچوں کو ساتھ لے کر دوبارہ پاکستان جانے کا عندیہ دے دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 30 نومبر 2023 13:03

فیس بُک پر دوستی کے بعد پاکستان آکر شادی کرنے والی انجو بھارت واپس پہنچ ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2023ء ) فیس بُک پر دوستی کے بعد پاکستان آکر شادی کرنے والی انجو بھارت واپس پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک پر دوستی کے بعد بھارت سے پاکستان آکر صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ اپردیر کے رہائشی نوجوان نصراللہ سے شادی کرنے والی لڑکی انجو (اسلام قبول کرنے کے بعد نیا نام فاطمہ) واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئی جہاں امرتسر میں پنجاب پولیس کی انٹیلی جنس اور آئی بی نے مکمل پوچھ گچھ کے بعد انجو کو نئی دہلی جانے کی اجازت دی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران انجو نے حکام کو بھارت میں اپنے قیام کے بارے میں بتایا اور کہا کہ 27 جولائی کو پاکستان گئی جہاں اسلام قبول کیا اور پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع دیر کے محلہ کلسو پوسٹ میں رہنے والے گیملا خان کے بیٹے نصر اللہ سے شادی کی اور قانونی دستاویزات حاصل کرنے کے بعد بچوں کو ساتھ لے کر دوبارہ پاکستان جاؤں گی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ رواں برس 23 جولائی کو انجو باقاعدہ طور پر ویزہ لے کر پاکستان آئی اور بعدازاں اس نے دیر کے رہائشی نصر اللّٰہ سے نکاح کرکے اپنا نام فاطمہ رکھا، 34 سالہ انجو سے نکاح کے بعد نصراللہ نے اہلیہ کے ویزے کی معیاد میں ایک سال اضافے کے لیے وزارت داخلہ میں درخواست جمع کروائی جو منظور کرلی گئی تاہم ستمبر میں انجو کے شوہر نصراللہ نے بتایا کہ اس کی بیوی ذہنی طور پر پریشان ہے اور اپنے بچوں کو یاد کرتی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ انجو کو ان کے پاکستانی شوہر نصراللّٰہ نے واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ کیا جو اپنے بچوں سے ملنے کے لیے بھارت واپس گئی اور بہت جلد پاکستان واپس آ جائے گی، بھارت پہنچنے پر انجو نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں اور بھارت واپسی کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دینا چاہتی۔