پرائیویٹ ریگولیٹری اتھارٹی خیبر پختونخوا کے رکن کے لئے ہزارہ زون سے عاطف جدون کو امیدوار نامزدکر دیا گیا

جمعرات 30 نومبر 2023 17:13

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2023ء) پرائیویٹ ریگولیٹری اتھارٹی خیبر پختونخوا کے رکن کیلئے سالانہ انتخابات میں ہزارہ زون سے نجی تعلیمی اداروں کی چار بڑی تنظیمات نے متفقہ طور پر عاطف خان جدون کو امیدوار نامزدکر دیا۔ اس سلسلہ میں پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز نے ہری پور کی جانب سے سابق معاہدہ کی خلاف ورزی اور مرحلہ وار ممبر کے انتخاب میں روگردانی پر ایبٹ آباد، حویلیاں، مانسہرہ، اوگی اور بالاکوٹ کے نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان نے متفقہ طور پر نامزد کر کے باقاعدہ کامیابی سے ہمکنار کرنے کا عزم کیا۔

ایبٹ آباد پریس کلب میں پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ہزارہ کے صدر خالقداد خان جدون، عرفان طالب، محمد سعید خان سواتی، کرنل (ر) مشتاق خان، حافظ خورشید اور شہریار میر سمیت دیگر نے 200 سے زائد سکولوں کے پرنسپلز کی موجودگی میں مشترکہ پریس کانفرنس میں مکمل حمایت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ایس اے ہزارہ کے صدر خالقداد خان جدون نے کہا کہ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبر پختونخوا میں صوبہ کو چار زون میں تقسیم کر کے چار نمائندوں کو نجی تعلیمی اداروں سے لیا جاتا ہے جس کے باقاعدہ انتخابات ہوتے ہیں۔

گذشتہ الیکشن میں ہزارہ زون کیلئے ہری پور سے رکن نامزد کر کے کامیابی سے ہمکنار کروایا گیا جو اتھارٹی میں نمائندگی کا حق ادا کرنے میں ناکام ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے پہلے ہی مختلف مسائل سے دوچار ہیں` ہم خامیوں کو دور کرنے کے حق میں ہیں جن کو مل کر بہتر کیا جا سکتا ہے لیکن سابق نااہل قیادت سے ایسا ممکن نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور سے نمائندہ نامزد کرنے کے موقع پر یہ معاہدہ ہوا تھا کہ ایک سال ہری پور، ایک سال ایبٹ آباد اور ایک سال مانسہرہ سے متفقہ امیدوار کی حمایت کی جائے گی جس کی ہری پور سے روگردانی کی ہے جس کے نتیجہ میں ایبٹ آباد سے عاطف خان جدون کو تمام اداروں کے سربراہان نے متفقہ طور پر امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی نمائندگی کے لئے ہزارہ زون میں جرات مند قیادت کا انتخاب ناگزیر ہے۔