قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2 سے 8 دسمبر تک اٹک میں کھیلی جائے گی

چیمپئن شپ کیلئے خواتین و مرد کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان یکم دسمبر کو کیا جائے گا، ممتاز الحق

جمعرات 30 نومبر 2023 22:20

قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2 سے 8 دسمبر تک اٹک میں کھیلی جائے گی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2023ء) اسلام آباد مرد اور خواتین ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان یکم دسمبر کو کیاجائے گا۔ گزشتہ روز اسلام آباد اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر ممتاز الحق نے بتایا کہ اسلام آباد مرد اور خواتین ٹیمیں قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کریں گی۔اور پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2 سے 8 دسمبر تک اٹک میں کھیلی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری ہے اور سلیکشن کمیٹی میں چیئرمین برگیڈیئر ریٹائرڈ سلطان محمود ستی جبکہ ممبران میں ممتاز الحق، مدثر حمید اور قلندر عباس شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام 51 ویں قومی، 5 ویں یوتھ اینڈ جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2 دسمبر سے 8 دسمبر تک کھیلی جائے گی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے چودہ ٹیموں کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پنجاب، سندھ، بلوچستان، سندھ، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔