نوازشریف کیخلاف العزیزیہ کیس 2 دن میں ختم ہو جائے گا، رانا ثنا اللہ

ازخود نوٹس کے تحت العزیزیہ ریفرنس ختم ہو جانا چاہیے، ماضی کے غلط فیصلوں کو جتنی جلدی ختم کر دیا جائے وہ عدلیہ کیلئے باعث عزت ہو گا، لیگی رہنما کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 30 نومبر 2023 22:05

نوازشریف کیخلاف  العزیزیہ کیس 2 دن میں ختم ہو جائے گا، رانا ثنا اللہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر2023ء) مسلم لیگ کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے دعوی کیا ہے کہ نوازشریف کیخلاف العزیزیہ کیس 2 دن میں ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ازخود نوٹس کے تحت العزیزیہ ریفرنس مکمل ختم ہو جانا چاہیے، ماضی کے غلط فیصلوں کو جتنی جلدی ختم کر دیا جائے وہ عدلیہ کے لیے باعث عزت ہو گا۔ پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر و سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ماضی میں نواز شریف کیخلاف فیصلے غلط تھے جو عدلیہ کے ماتھے پر داغ ہیں۔

رہنما مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو 7 سال بعد ایون فیلڈ ریفرنس میں انصاف ملا، اللہ نے انہیں سرخرو کیا ہے، العزیزیہ ریفرنس بھی فراڈ ہے جس میں جج ارشد ملک مرحوم کیخلاف فیصلہ آ چکا ہے، العزیزیہ کا فیصلہ برقرار نہیں رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم نے آج پارلیمانی بورڈ کی میٹنگز کے متعلق لائحہ عمل طے کر لیا ہے، نواز شریف ہر ڈویژن کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ہر امیدوار سے خود ملاقات کرینگے، ہر ڈویژن کی میٹنگ کے بعد پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کیساتھ آج جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ مکافات عمل ہے، جس فیصلے کے تحت نواز شریف کو پارٹی صدارت سے الگ کیا گیا آج وہی فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی کے آڑے آ رہا ہے، یہ اللہ کا انصاف ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کالعدم قرار دیکر نواز شریف کو بری کر دیا تھا، جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کیخلاف نیب اپیل واپس لئے جانے پر خارج کر دی گئی تھی۔