حکومت کا پٹرول سستا نہ کرنے کا فیصلہ

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کر دیا گیا، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا

muhammad ali محمد علی جمعرات 30 نومبر 2023 23:03

حکومت کا پٹرول سستا نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2023ء) پٹرول سستا نہ کرنے کا فیصلہ، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کر دیا، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق نگران حکومت نے پٹرول سستا کرنے کی اوگرا کی سمری مسترد کر دی۔ نگران وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کیلئے پٹرول کی موجودہ قیمت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جبکہ دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے۔ یکم دسمبر سے ڈیزل 7 روپے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 52 پیسے، مٹی کا تیل 3 روپے 82 پیسے سستا کر دیا گیا ہے۔ یوں پٹرول کی قیمت 281 روپے 34 پیسے، ڈیزل کی نئی قیمت 289 روپے 71 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 175 روپے 93 پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 201 روپے 16 پیسے مقرر کر دی گئی۔

(جاری ہے)

نگران وزیر اعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی تھی۔ سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے37 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 85 پیسے کمی کی سفارش کی گئی۔ اسی طرح مٹی کا تیل فی لیٹر 2 روپے 82 پیسے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے تک سستا کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کے لیے کمی کرنے کی سفارش کی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ناصرف پاکستان میں ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی، ساتھ ساتھ عالمی مارکیٹ میں بھی تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔ اس کے باوجود نگران حکومت نے دسمبر کے پہلے 15 ایام کیلئے پٹرول کی قیمت کم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب دسمبر کے ماہ کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت یکم دسمبر سے ایل پی جی کا 11.8 کلوگرام کا گھریلوسلنڈر 45 روپے مہنگا کردیا گیا، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار7 روپے 35 پیسے مقرر کردی گئی۔

اسی طرح فی کلو ایل پی جی کی قیمت 3 روپے 82 پیسے مہنگی کردی گئی۔ یکم دسمبر سے ایل پی جی کی فی کلو نئی قیمت 254 روپے 86پیسے ہوگی۔