پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن ، گوہر علی خان بلا مقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب

چوہدری پرویز الہی کو مرکزی صدر اور عمر گوہر ایوب کو مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 2 دسمبر 2023 11:16

پی ٹی آئی کے  انٹرا پارٹی الیکشن ، گوہر علی خان بلا مقابلہ چیئرمین پی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 2 دسمبر2023ء) گوہر علی خان بلا مقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب ہو گئے۔آج پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن ہوئے۔انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل ان لائن اپ کے ذریعے مکمل کیا گیا۔گوہر علی خان بلا مقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب ہو گئے جبکہ چوہدری پرویز الہی کو مرکزی صدر اور عمر گوہر ایوب کو مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن میں ایک پینل سامنے آیا ، قواعد کے مطابق اعلان کر رہے ہیں، قانون کی بالا دستی اور پاسداری پر ملک قائم ہوگا۔ آج پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن ہوئے ،چیئرمین سمیت دیگر امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئےتھے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میںچیئرمین سمیت دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے جمعہ کے روز سہ پہر 3 بجے تک وقت مقرر تھا۔

چیف الیکشن کمشنرپاکستان تحریک انصاف نیاز اللہ نیازی نے کہا تھا کہ امیدواروں کی حتمی فہرست آج ہفتہ کی صبح جاری کروں گا،انٹرا پارٹی انتخابات پشاور میں ہوں گے،انٹرا پارٹی الیکشن میں مرکزی اور صوبائی تنظیموں کے امیدوارحصہ لیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے امیدوار کیلئے بیرسٹر گوہر میدان میں تھے،مرکزی چیئرمین کے علاوہ وائس چیئرمین ،سیکرٹری جنرل اورنائب صدورکا انتخاب ہوگاصوبائی صدور،صوبائی جنرل سیکرٹریز سمیت پوری تنظیم کا انتخاب کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے ہفتہ کو ہونے والے انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے امیدواروں کی درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع کر دیاتھا۔ پاکستان تحریک انصاف مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعہ کو کاغذاتِ نامزدگی ریٹرننگ افسر سردار مصروف خان ایڈووکیٹ نے وصول کئے۔پی ٹی آئی چیئرمین کے لئے بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ۔پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما احمد اویس تجویز کنندہ جبکہ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن ان کے تائید کنندہ تھے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر ایڈووکیٹ نیاز اللہ نیازی بھی موجود تھے۔