پی سی بی نے ایک روز بعد ہی سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹادیا

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سلیکشن کمیٹی میں اچھی شہرت والوں کو شامل کرنےکی ہدایت کر دی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 2 دسمبر 2023 23:25

پی سی بی نے ایک روز بعد ہی سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹادیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 2 دسمبر2023ء) پی سی بی نے وزیراعظم کی ہدایت پر ایک روز بعد ہی سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹادیا۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پی سی بی کو ہدایت کی ہے کہ سلیکشن کمیٹی میں اچھی شہرت والوں کو شامل کیا جائے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا تھاکہ سلمان بٹ کے نام پر بہت بات ہوئی ہے، سلمان بٹ کرکٹ کو سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا سلمان بٹ کو بطورکنسلٹینسی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، سلمان بٹ کا اب نام واپس لے لیا ہے، ویسے تو سلمان بٹ اپنے کیے کی سزا بھگت چکے ہیں لیکن نہیں چاہتا سلمان بٹ کے بارے مزید غلط باتیں کی جائیں۔ چیف سلیکٹر کا مزید کہنا تھاکہ میرے بارے میں یہ بھی کہا گیا سلمان بٹ سے میری دوستی ہے، مجھ میں حوصلہ ہے کہ میں سب باتوں کا جواب دے سکتا ہوں، مجھ پر کسی کی طرف سے کوئی دباؤ نہیں، کچھ اچھا کرنا چاہیں تو پھر بھی تنقید ہو تی ہے، ہر کسی کو خوش نہیں رکھا جا سکتا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ کسی کا دباؤ نہیں، سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ بنانے کا فیصلہ میں نے ہی کیا تھا، اب انہیں کو ہٹانے کا فیصلہ بھی میں ہی کررہا ہوں۔ سلمان بٹ کا نام واپس لینے کا فیصلہ صرف میرا ہے، میں نے اپنی ذمہ داری سمجھ کر چیف سلیکٹر کا عہدہ لیا، اس وقت عہدے سے دستبردار ہوں گا جب میری وجہ سے ٹیم کی کارکردگی خراب ہوگی۔ واضح رہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں 'متنازع' تقرری کا نوٹس لیتے ہوئے سلیکشن کمیٹی میں اچھی شہرت رکھنے والوں کو شامل کرنےکی ہدایت کی ہے۔

سابق کرکٹر سلمان بٹ کی پی سی بی سلیکشن کمیٹی میں تعیناتی پر نگران وزیراعظم نے نوٹس لیا، وزیراعظم کی ہدایت پر فوری طور پر 'متنازع' تعیناتی کو منسوخ کردیا گیا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،کرکٹ کے لیےکھلاڑیوں کی سلیکشن کمیٹی کو غیر متنازع ہونا چاہیے۔ نگران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی سی بی سلیکشن کمیٹی میں اچھی شہرت رکھنے والے سلیکٹرز کو شامل کیا جائے۔ ان کا کہنا ہےکہ پاکستان کرکٹ کی کامیابی کے لیے تمام تقرریاں میرٹ پر کریں گے۔