Live Updates

2024 کا الیکشن پاکستان کے مستقبل کی سمت کا تعین کرے گا

2008 سے 2022 تک پیپلزپارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی حکومتیں رہیں، ان تینوں ادوار کا اگر کوئی اندھا بھی موازنہ کرے تو ن لیگ کی کارکردگی کوہ ہمالیہ سے بلند ہے۔ سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 5 دسمبر 2023 20:01

2024 کا الیکشن پاکستان کے مستقبل کی سمت کا تعین کرے گا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 دسمبر 2023ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2024 کا الیکشن پاکستان کے مستقبل کے تعین کیلئے بہت اہم الیکشن ہے، 2008 سے 2022 تک پیپلزپارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی حکومتیں رہیں،  ان تینوں ادوار کا اگر کوئی اندھا بھی موازنہ کرے تو ن لیگ کی کارکردگی کوہ ہمالیہ سے بلند ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وہ جماعت ہے جس کے پاس یہ صلاحیت ہے اور جس کا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ(ن) برسراقتدار آئی ہے اس نے پاکستان کی معیشت کو جدید بنیادیں فراہم کی ہیں۔

سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے کہا کہ آپ نے دیکھا 2008 سے 2013 تک پیپلزپارٹی کی حکومت رہی اور اس کے بعد 2013 سے 2018 تک مسلم لیگ ن کی حکومت رہی، 2018 سے 2022 تک پی ٹی آئی کی حکومت رہی، ان تینوں ادوار کا اگر کوئی اندھا بھی موازنہ کرے کوئی شخص جو سیاست سے ناواقف ہے تو مسلم لیگ ن کی کارکردگی کوہ ہمالیہ سے بلند نظر آتی ہے، یہ مسلم لیگ ن ہے جس نے لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کیا اور دہشتگردی کو ختم کیا، سی پیک منصوبہ لے کر آئی ۔

(جاری ہے)

آج ہم نے پچھلے 16ماہ کے دوران مخلوط حکومت تھی اس نے پاکستان کو اس تباہی سے بچایا جس کے دہانے پر عمران خان کھڑا کرگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کا الیکشن پاکستان کیلئے ایک بہت اہم الیکشن ہے یہ پاکستان کے مستقبل کا تعین کرے گا 2018 میں جو تبدیلی لائی گئی اس نے پاکستان کے پچھلے 25 سال کے سفر پہ پانی پھیر دیا ہے۔آج ہم تاریخ میں واپس وہیں دھکیلے جاچکے ہیں جہاں ہم 1997 میں کھڑے تھے۔ آج سے 25 سال کے بعد اس خطے میں دو ممالک اپنی آزادی کی 100سالہ تقریبات کا جشن منائیں گے۔ ہمارا ہمسایہ ملک اور پاکستان، آج ہمارے لئے بہت اہم فیصلہ ہے کہ 2039 میں جب پاکستان اپنے 100سال پورے کرے گا تو وہ کہاں کھڑا ہوگا؟
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات