وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق 2021-22ء کے ترقیاتی میزانیہ کے تحت منظور شدہ کیپٹل ڈویلپمنٹ پیکج کو بحال کریں ،زاہد امین

بدھ 6 دسمبر 2023 16:06

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2023ء) سابق چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن زاہد امین نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق 2021-22ء کے ترقیاتی میزانیہ کے تحت منظور شدہ کیپٹل ڈویلپمنٹ پیکج کو بحال کریں ، پیکج کی بحالی کیپٹل سٹی کو بلاتعطل فراہمی بجلی کی ضمانت ہے ۔ کیپٹل ڈویلپمنٹ پیکج کی بحالی وزیراعظم اور کابینہ کا اختیار ہے ۔

حکومت پیکج کو بحال کر کے عوام کو پیسکو کی جابرانہ لوڈشیڈنگ سے نجات دلا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان نے بحیثیت وزیراعظم 2021-22ء کے منظور شدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت کیپٹل ڈویلپمنٹ پیکج کے لیے ایک ارب پچیس کروڑ روپے مختص کیے تھے ۔ نومبر 2021ء میں اس وقت کے سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق اور وزراء ماجد خان و چوہدری رشید پر مشتمل کابینہ جائزہ کمیٹی نے پیکج کو منسوخ کر دیا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نومبر 2019ء میں طویل ورکنگ کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کے مابین نیلم جہلم پراجیکٹ کے مقامی سطح پر نقصانات کے ازالہ کے لیے معاملات طے پا گئے تھے ۔ مارچ 2021ء میں کورونا وباء کی خوفناک آمد اور عام انتخابات کی سیاسی رسہ کشی نے طے شدہ معاملات پر عملدرآمد نہیں ہونے دیا، واپڈا کی غیر منصفانہ پالیسی اور عوام مخالف رویہ بھی طے شدہ معاملات کی راہ کا بھاری پتھر بنا رہا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اور ان کے وزیر مشیر حکومت پاکستان سے طے شدہ معاملات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے ۔