گیس کمپنی کو بار بار توہین عدالت سے روکا جائے، فکس چارجز اور میٹرز ریڈنگ کے بغیر بھاری بھرکم بلز توہین عدالت ہے، جمعیت علما اسلام

)عوام اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے باربارواویلا کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے، شہر کے اکثر علاقوں میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے،مشترکہ بیان

بدھ 6 دسمبر 2023 23:35

{کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2023ء) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے رہنماں نے کہا ہے کہ گیس کمپنی کو بار بار توہین عدالت سے روکا جائے، فکس چارجز اور میٹرز ریڈنگ کے بغیر بھاری بھرکم بلز توہین عدالت ہے۔ چھوٹے اور بند مکانات کو دس تا پچیس ہزار سے زائد بلز موصول ہونا ظلم کی انتہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، سئنیر نائب امیر مولانا خورشید احمد ،جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ، شیخ مولانا احمد جان، ، شیخ مولانا عبد الاحد محمد حسنی ، مولانا محمد اشرف جان ،حافظ عبد الحق حقانی ، مولانا حکیم حبیب اللہ ،مولانا محمد ایوب مفتی عبد السلام ریئسانی ، حافظ مسعود احمد، سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ ، سالار حافظ سید سعداللہ آغا ، حافظ سراج الدین ، حاجی ولی محمدبڑیچ ، حاجی محمد شاہ لالا ، مولانا حافظ سردار محمد نورزئی ،میر فاروق لانگو ، مولانا جمال الدین حقانی ، حاجی صالح محمد ، مولانا محمد عارف شمشیر، مفتی محمد ابوبکر اور حافظ دوست محمد نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام کوگیس وبجلی کے نام پر اذیت دی جارہی ہے۔ حکام سے احتجاج کرنے اور مرکزی سطح پر یقین دہانیوں اور گیس پریشرکی عدم دستیابی کے باوجود فکس اور فرضی بلوں کا اجرا کے خلاف جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ خاموش نہیں رہ سکتی ۔عوام اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے باربارواویلا کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے کہا دوسری جانب شہر کے اکثر علاقوں سریاب ، پشتون آباد ، گوالمنڈی چوک ، ترین روڈ، پشتون درہ، عثمان قلعہ ، شالدرہ ، کانسی روڈ ، نواں کلی ، کلی الماس، کلی شیخان قبرستان گلی ، کرانی روڈ بدل خان اسڑیٹ اور مین بازار کے علاقوں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آج ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعت میں عوام کے حق میں فیصلہ کرکے ان پر عمل درآمد ضرور کروائے گی۔۔