کمشنر ساہیوال ڈویژن کی شہر کی اہم سڑکوں پر جاری ترقیاتی کام کو تیز کرنے کی ہدایت

جمعرات 7 دسمبر 2023 13:14

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2023ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کی اہم سڑکوں پر جاری ترقیاتی کام کو تیز کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے پسپ کے سٹی مینجر کو کہا ہے کہ ہائی سٹریٹ، علامہ اقبال روڈ اور فرید ٹاؤن روڈ کے چوراہوں کی ری ماڈلنگ کے دوران عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھا جائے اور ٹریفک میں رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔

انہوں نے شہر سے گزرنے والے راجباہ 9ایل کی گرین بیلٹ کی صفائی اور اسے مزید بہتر کرنے کے لئے ایک ٹیم تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جس کی سربراہی ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر کریں گے۔ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے روزانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے شربت بازار اور ملحقہ گلیوں میں تجاوزات کی سنگینی کا بھی نوٹس لیا اور کارپوریشن کے اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ کو روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں کی سست روی پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بھاری جرمانے کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں غیرضروری تاخیر کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔

کمشنر شعیب اقبال سید نے ساہیوال بائی پاس کے فیزIIپر کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ ہائی وے کی اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایکسین ہائی وے میاں افتخار احمد کو منصوبے کی روزانہ مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی تاکہ اسے 31دسمبر کی ڈیڈ لائن تک مکمل کیا جا سکے۔\378