ہمیں ٹک ٹاک، گالم گلوچ اور گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی، بلاول بھٹو زرداری

19 سال کی عمر میں سیاست میں آیا میرے ہاتھ صاف ہیں‘ اپنی اور ملک کی قسمت بدلنی ہے تو پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں‘ میں دکھاؤں گا کیسے ملک و عوام کی قسمت تبدیل کریں گے۔ شانگلہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 دسمبر 2023 15:01

ہمیں ٹک ٹاک، گالم گلوچ اور گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی، بلاول بھٹو زرداری
شانگلہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 دسمبر 2023ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وعدہ کرتا ہوں 5 سال میں آپ کی تنخواہیں دگنی کریں گے، اپنی اور ملک کی قسمت بدلنی ہے تو پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں کیوں کہ ہمیں ٹک ٹاک، گالم گلوچ اور گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی۔ شانگلہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شانگلہ کے عوام نے ثابت کر دیا بھٹو آج بھی زندہ ہے، سب سیاست دانوں کو پہچان چکا ہوں، میں نے پاکستان میں ہر سیاست دان کو قریب سے دیکھا ہے کسی کے ہاتھ صاف نہیں ہیں، میں 19 سال کی عمر میں سیاست میں آیا میرے ہاتھ صاف ہیں، میرا ملک مشکل میں ہے عوام تکلیف میں ہے، آپ لوگ میرا ساتھ دیں، میں دکھاؤں گا کہ کیسے ملک اور عوام کی قسمت تبدیل کریں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پرانے سیاست دان آج بھی پرانی سیاست کر رہے ہیں، ملک میں تقسیم کی سیاست آج بھی عروج پر ہے، لیکن ہمیں ٹک ٹاک گالم گلوچ اور گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی، جب میں وزیر خارجہ تھا تو اس وقت سیلاب آیا اور میں نے سندھ کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ہم تمام متاثرین کو گھر بناکر دیں گے اور آج سندھ میں اپنا گھر اپنی زمین کے تحت بائیس لاکھ پکے گھر بن رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھ پر نہ کوئی کرپشن کا داغ ہے نہ میرے ہاتھ پر عوام کا خون ہے، میں اپنی جیب کی بجائے عوام کی جیب بھرنا چاہتا ہوں، نوجوانوں کےلئے یوتھ کارڈ لائیں گے، جس کی مدد سے آپ کو روزگار لینے میں آسانی ہوگی، ہم اپنے نوجوانوں کو کمائی کے لیے یورپ، جاپان ، چین بھیجیں گے، روزگار کے مواقع پیدا کریں گے اور عوام کی ترقی کے لئے عوامی فلاح و بہبود کے پروگرام لائیں گے، اگر روزگار دینا جرم ہی تو یہ جرم میں بار بار کروں گا، آئیں ہمارا ساتھ دیں، ہم مل کر محنت کریں گے، ہم مل کر جدوجہد کریں گے۔