ْآزاد کشمیرمیں سرکاری ملازمت کو میرٹ پرصاف اورشفاف انداز میں لایاجائے،راجہ محمد بشیرخان

جمعرات 7 دسمبر 2023 16:54

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2023ء) لیگی رہنما وسابق امیدواراسمبلی راجہ محمد بشیرخان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں سرکاری ملازمت کو میرٹ پرصاف اورشفاف انداز میں لایاجائے،تھرڈپارٹی ایکٹ کا خاتمہ میرٹ کے نظام کو تباہ کرنے کے مترادف ہے،غریب پڑھے لکھے نوجوانوں کیلئے سرکاری ملازمت کا حصول ناممکن نہ بنایاجائے،حکمران اپنی مراعات میں اضافہ کریں مگر ریاستی عوام اورپڑھے لکھے طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار سابق امیدواراسمبلی راجہ محمد بشیرخان نے صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن صدر جماعت شاہ غلام قادر کی قیادت میں متحد ومنظم ہے،قائد پاکستان میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں 8فروری2024میںمسلم لیگ ن کی حکومت ہوگی،عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیاجائیگا،مہنگائی،لوڈشیڈنگ،بے روزگاری صرف میاں محمد نوازشریف ہی ختم کرسکتے ہیں پاکستان میں لیڈر صرف میاں محمد نوازشریف ہیں عوام سے جو بھی وعدہ کیا پورا کرکے دکھایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں سرکاری نوکریوں کو میرٹ کے ساتھ مشروط کیاجائے،فاروق حیدرخان حکومت نے ختم نبوت آئینی ترمیم،13 ویں ترمیم کر کے مالیاتی اختیار وفاق سے لیا،این ٹی ایس ،پی ایس سی کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار میرٹ کے مطابق فراہم کیا گیا، آزادکشمیر کے عوام کو فاروق حیدر کے انقلابی اقدامات یاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے مراعات میں ضرور اضافہ کریں مگر ریاست کے اندرعرصہ دراز سے مختلف محکموں میں ایڈہاک اورکنٹریکٹ انہیں مستقل کیاجائے ان ملازمین کو کئی ماہ سے تنخواہ نہ مل سکی ان کے گھروں کے چولہے بند ہوچکے ہیں وزیراعظم آزادکشمیر نوٹس لیں اوران بے بس ملازمین کو تنخواہیں دلانے کیلئے اپنا کردارادا کریں۔