فلسطین کا دوریاستی حل ناقابل قبول ہے،محمد حسین محنتی

حماس وفلسطینی عوام کی قربانیاںضرور رنگ لائیں گی،امیرجماعت اسلامی سندھ

جمعرات 7 دسمبر 2023 23:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2023ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ فلسطین کا دوریاستی حل ناقابل قبول ہے،اسرائیل ایک قابض ریاست اور ایک آزاد فلسطینی ریاست ہی مشرق وسطیٰ میں امن کی ضمانت ہے، استعماری طاقتوں نے یہودیوں کو اکٹھاکرکے سرزمین انبیاء پر قبضہ کیا، حماس نے مزاحمت کرکے جذبہ جہاد کو زندہ اور 76سال سے دبے ہوئے مسئلہ فلسطین کو پوری دنیا میں نمایاں کردیا ہے،حماس وفلسطینی عوام کی قربانیاں اور جدوجہد ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور افغانستان سے جس طرح نیٹو وامریکی افواج بھاگنے پر مجبور ہوئی اسی طرح صہیونی فوج کو بھی غزہ میں عبرتناک شکست ملے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جمعیت طلبہ عربیہ کے منتظم اعلیٰ محمد افضال کی قیادت میں ملاقات کرنے والے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے بات چیت کے دوران کیا، وفد میں امین عام اعجاز الحق،معاونین اور چاروں صوبوں کے منتظمین سمیت مرکزی شوریٰ کے دیگر ارکان بھی شامل تھے۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ علماء کرام منبر ومحراب کے ذریعے مسئلہ فلسطین کو اجاگر اور صہیونی فوج کی درندگی سے عوام الناس کو آگاہ کریں۔