راولپنڈی پولیس نے شیخ رشید کے خلاف سانحہ 9 مئی سے متعلق مقدمات کی فہرست ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں جمع کرادی

جمعہ 8 دسمبر 2023 22:55

راولپنڈی پولیس نے شیخ رشید کے خلاف سانحہ 9 مئی سے متعلق مقدمات کی فہرست ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2023ء) راولپنڈی پولیس نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے خلاف سانحہ 9 مئی سے متعلق مقدمات کی فہرست ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں جمع کرادی ہے جس کے بعد راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبد العزیز نے پٹیشن کی سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالت مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی جمعہ کے روز سماعت کے موقع پر شیخ رشید، ان کے وکیل سردار عبد الرازق اور ان کے معاون سردار شہباز خان عدالت میں موجود تھے اس موقع پر سی پی او راولپنڈی کی جانب سے شیخ رشید کے خلاف راولپنڈی کے 10 تھانوں میں مقدمات کی تفصیل عدالت میں جمع کروائی گئی اس موقع پر سی پی او راولپنڈی کی جانب سے پیراوائز تحریری کمنٹس میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار (شیخ رشید) ایک سیاسی جماعت کا سربراہ ہے سانحہ 9 مئی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے شیخ رشید کا کردار انتہائی غیر مہذب رہا 9 مئی کے واقعات نے ملک میں امن و امان کا شدید مسئلہ پیدا کیا ملک میں اہم فوجی تنصیبات، سرکاری املاک اور پبلک مقامات پر حملوں سے پاکستان کو عالمی سطح پر انتہائی ہزیمت اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تحریک عدم اعتماد کی کامیابی اور حکومت کی تبدیلی کے بعد شیخ رشید الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر سیاسی کارکنوں اور عوام کو ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف ابھارنے اور اشتعال دلانے میں پیش پیش رہے سوشل میڈیا کے ویڈیو کلپس سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کے بعد واضح طور پر یہ بات سامنے آئی کہ اس ساری صورتحال میں شیخ رشید نے انتہائی منفی کردار ادا کیا بعد ازاں شیخ رشید کی جانب سے پٹیشن کے ذریعے اپنے خلاف مقدمات یا حراست کو غیر قانونی قرار دینے کی کوشش کرنا بھی قطعی طور پر غلط تھا کیونکہ تمام مقدمات میں درخواست شیخ رشید کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں جو سیاسی کارکنوں اور عوام میں اشتعال پھیلانے میں پیش پیش رہے رپورٹ میں کہا گیا ہے شیخ رشید راولپنڈی کے تھانہ آراے بازار، سول لائن، مورگاہ، نیو ٹاؤن، صادق آباد، سٹی، وارث خان، مری، کینٹ اور تھانہ ریس کورس کے واقعات میں پوری طرح ملوث ہونے کی وجہ سے ان مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں اس موقع پر شیخ رشید کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمات کی جو فہرست عدالت میں پیش کی گئی ہے عدالت اس کی پڑتال کرے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں عدالت مقدمات کی تفتیش بھی کرے جس پر شیخ رشید کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شیخ رشید کو 7 ماہ بعد 9 مئی کے مقدمات میں کیسے نامزد کیا گیا جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کے پاس شیخ رشید کے خلاف 10 مقدمات کی تفصیل آگئی ہے جس کی کاپی آپکو فراہم کردی گئی ہے عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی یاد رہے کہ شیخ رشید نے اپنے خلاف درج مقدمات سے آگاہی کے لئے دائر پٹیشن میں آئی جی پنجاب، سی پی او راولپنڈی اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی درج ایف آئی آرز میں کسی جگہ پر نامزد ملزمان میں درخواست گزار کا نام شامل نہیں ہے پٹیشن میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ اب 7 ماہ کی تاخیر سے درخواست گزار کو بے گناہ اور بلا جواز طور پر تتمہ بیانات کے تحت مختلف مقدمات میں ملوث کیا جا رہا ہے حالانکہ درخواست گزار کو یہ بھی نہیں معلوم کہ یہ مقدمات کس کس شہر میں درج ہیں لہٰذا عدالت درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کا حکم جاری کرے۔