سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو غیر قانونی مقیم افراد کی ترجمانی کی بجائے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی ترجمانی کرنی چاہئے تھی، مرتضیٰ سولنگی

جمعہ 8 دسمبر 2023 23:24

سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو غیر قانونی مقیم افراد کی ترجمانی کی بجائے ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی ترجمانی کرنے کی بجائے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی ترجمانی کرنی چاہئے تھی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے ٹویٹ میں بے بنیاد الزامات عائد کئے، سب جانتے ہیں کہ تقریباً پانچ لاکھ غیر قانونی مقیم افراد رضاکارانہ طور پر پاکستان سے اپنے وطن واپس گئے ہیں، انہیں جبری نہیں بھیجا گیا ان کی وطن واپسی میں انسانی اقدار کا خیال رکھا گیا ہے۔

جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے ٹویٹ سے افغانستان کی حکومت اور ٹی ٹی پی کے لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے اور آئندہ انتخابات میں ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس میں ان کی جماعت کو دوسری جماعتوں کے مقابلے میں زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے، اگر ایسا ہے تو یہ انتہائی افسوسناک بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افراد کی اپنے وطن واپسی میں انسانی اقدار کا خیال رکھا گیا ہے، پاکستان مہمان نواز ملک ہے، مستقبل میں بھی اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہ ہو۔