فی الحال ن لیگ کے ساتھ کوئی چیز لینے دینے کی بات نہیں ہوئی

اتحاد کرنے یا تنہا الیکشن لڑنے کا فیصلہ سی ای سی کرے گی، جہانگیرترین بیمار تھے تو شہبازشریف ملاقات کیلئے آئے تھے، اب جہانگیرترین بھی گئے ہیں، صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 8 دسمبر 2023 22:06

فی الحال ن لیگ کے ساتھ کوئی چیز لینے دینے کی بات نہیں ہوئی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر 2023ء) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کے ساتھ کوئی چیز لینے دینے کی بات نہیں ہوئی،اتحاد کرنے یا تنہا الیکشن لڑنے کا فیصلہ سی ای سی کرے گی۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیرترین بیمار تھے تو شہبازشریف ان سے ملاقات کیلئے آئے تھے، جہانگیرترین اب شہبازشریف کے پاس ملاقات کیلئے گئے ہیں، یہ خیرسگالی کی ملاقاتیں ہوتی ہیں کسی ایجنڈے کی ملاقات نہیں تھی۔

جب کسی ایجنڈے کے تحت ملاقات ہوگی توپہلے 30رکنی سی ای سی میں بات ہوگی۔ علیم خان نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ کوئی لینے دینے کی بات نہیں ہوئی، ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق سی ای سی میں بھی کوئی بات نہیں ہوئی،کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کرنا ہے یا تنہاء الیکشن لڑنا یہ فیصلہ سی ای سی کرے گی، سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے رہنمائی لے کر ہی اتحاد کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

اسی طرح استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماء کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اس کی تصدیق کرتا ہوں کہ شہبازشریف سے جہانگیرترین نے ملاقات کی،ملاقات کا موضوع سیٹ ایڈجسٹمنٹ تھا مزید میٹنگز میں واضح ہوجائے گا، یہ ملات ابھی بات چیت کا آغاز ہے، کتنی سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ ہوگی یا اتحاد ہوگا یہ آئندہ میٹنگز میں طے ہوگا۔

یہ بات بالکل ٹھیک ہے کہ ن لیگ کے خلاف ہم نے الیکشن لڑنا ہے، لیکن بڑا سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہے، سی ای سی میٹنگ میں یہ بات سامنے رکھیں گے کہ اس سے ہمارا فائدہ ہوگا یا نقصان ہے، سی ای سی میٹنگ میں ن لیگ کے ساتھ سیٹ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر غور ہوگا، پارٹی میں ہوتے ہیں تو پارٹی کے فیصلوں کی پابندی کرنا پڑتی ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیئے، کیونکہ جب ہمارے 20 لوگ پہلے ن لیگ میں گئے تھے وہ ہار گئے تھے۔ہماری جماعت میں بڑے اچھے لوگ ہیں جو کئی بار الیکشن جیتے ہیں۔