اسد عمر کی عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ضمانت خارج

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عبوری ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 9 دسمبر 2023 12:52

اسد عمر کی عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ضمانت خارج
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر2023ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت ہوئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے سماعت کی ۔ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ضمانت خارج کردی ۔ عدالت نے عدم پیروی کی بنیاد پر اسد عمر کی عبوری ضمانت خارج کی ۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے فیصلہ سنایا۔73 ملزمان پر عسکری ٹاور پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ تھانہ گلبرگ میں درج ہے۔گذشتہ ماہ اسد عمر کو 9 مئی کے واقعات پر بنی پنجاب حکومت کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے بھی طلب کیا تھا۔ اسد عمر کو ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس لاہور میں طلب کیا گیا۔

(جاری ہے)

رہنما پی ٹی آئی کو لاہور میں درج مختلف مقدمات میں طلب کیا گیا۔

اسد عمر طلبی کے باوجود سانحہ 9مئی کی تحقیقات کے لئے پنجاب حکومت کی تشکیل کردہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی ) کے سامنے پیش نہ ہوئے ۔ پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو یکم نومبر کو دوپہر 4 بجے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس لاہور قلعہ گجر سندھ میں جے آئی ٹی نے بیان قلمبند کروانے کے لئے طلب کیا تھاتاہم وہ پیش نہ ہوئے۔واضح رہے کہ اسد عمر نے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دینے اور سیاست مکمل طور پر چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاتھا کہ ریاستی اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی سے متفق نہیں ہوں ، ایسی پالیسی ریاستی اداروں کے ساتھ شدید ٹکراؤ کا باعث بنی ہے جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں اسد عمر نے لکھا کہ ایک دہائی سے زیادہ عوامی زندگی کے بعد میں نے سیاست کو مکمل طور پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ جیسا کہ میں پہلے بھی عوامی سطح پر کہہ چکا ہوں کہ میں ریاستی اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی سے متفق نہیں ہوں اور ایسی پالیسی ریاستی اداروں کے ساتھ شدید ٹکراؤ کا باعث بنی ہے جو کہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔