العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیل کامعاملہ، بڑے قانونی و سیاسی دماغوں نے سر جوڑ لئے

العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطل ہے لیکن نااہلی سے متعلق تاحال ابہام برقرارہے،کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے قبل سزا ختم ہونے کا عدالتی حکمنامہ ضروری ہے ورنہ کاغذات نامزدگی چیلنج ہو جائیں گے،قانونی ٹیم نے نوازشریف کو مختلف آپشنز سے آگاہ کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 9 دسمبر 2023 16:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر2023ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیل کو میرٹ پر سننے کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم مشکلات کا شکار ہو گئی۔ بڑے قانونی و سیاسی دماغوں نے سر جوڑ لئے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق قائد ن لیگ نواز شریف کی اپنی وکلاء ٹیم سے مشاورت ہوئی ہے۔ عام انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قانونی ٹیم نے نواز شریف کو مختلف آپشنز بارے آگاہ کیا۔قانونی ٹیم نے بریفنگ دی کہ نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطل ہے لیکن نااہلی سے متعلق تاحال ابہام برقرار ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ریفرنس کی سماعت میرٹ پر ہوئی تو کیس تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔ قانونی ٹیم نے نواز شریف کو بتایا کہ کاغذات نامزدگی جمع کروائے جانے سے قبل بریت ہونا لازم ہے۔

(جاری ہے)

کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے قبل سزا ختم ہونے کا عدالتی حکمنامہ ضروری ہے۔ سزا ختم کروائے بغیر کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے تو وہ چیلنج ہو جائیں گے۔ قانونی ٹیم نے نواز شریف کی سزا اور نااہلی فوری ختم کروانے کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا۔ قانونی ٹیم کا موقف ہے کہ اب بھی ہمارے پاس مختلف قانونی آپشنز موجود ہیں۔ مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لئے عبوری ریلیف کی درخواست دینے پر بھی غور کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ سلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ کیس میں نوازشریف کی اپیل پر میرٹ پر سماعت کا فیصلہ کیا ہے اور احتساب عدالت کو معاملہ واپس بھیجنے کی نیب کی استدعا مسترد کردی ہے۔عدالت نے مرحوم جج ارشد ملک کی ویڈیو عدالت میں چلانے کا عندیہ بھی دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ کیس میں نوازشریف کی اپیل پر میرٹ پر سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور احتساب عدالت کو معاملہ واپس بھیجنے کی استدعا مسترد کردی ہے۔