اسلام آباد میں مسلح افراد ڈی جی کسٹمز سے موبائل چھین کر فرار

واقعے کا مقدمہ ڈی جی کسٹم کے ملازم کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں درج کرلیا گیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 10 دسمبر 2023 00:27

اسلام آباد میں مسلح افراد ڈی جی کسٹمز سے موبائل چھین کر فرار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر2023ء) اسلام آباد میں مسلح افراد ڈی جی کسٹمز سے موبائل چھین کر فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں رہزنی اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ، ڈی جی کسٹمز کو بھی مسلح افراد نے موبائل سے محروم کردیا۔ اسلام آباد کے تھانہ رمنا کی حدود میں ڈی جی کسٹمز چہل قدمی کیلیے نکلے تو موٹرسائیکل پر سوار مسلح ڈاکو قیمتی موبائل فون چھین کر لے گئے۔

واقعے کا مقدمہ ڈی جی کسٹم کے ملازم کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں درج کرلیا گیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ جی 11/3 میں سڑک کنارے گاڑی کھڑی کر کے کھڑا تھا اور ڈی جی کسٹم چہل قدمی کیلیے چلے گئے تھے۔ اسی دوران اچانک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان آئے اور اسلحے کے زور پر مجھ سے صاحب کا قیمتی موبائل فون چھین کر لے گئے۔

(جاری ہے)

مدعی نے استدعا کی ہے کہ پولیس ملزمان کیخلاف کارروائی کر کے موبائل فون برآمد کروائے۔

ادھر قومی اسمبلی میں اسلام آباد میں راہزنی، ڈکیتی، ملوث مجرموں کی گرفتاری اور نگرانی کے واقعات سے متعلق وزارت داخلہ کی جانب سے جمع تحریری جوابات میں تضاد سامنے آیا ہے۔ وزارت داخلہ کی تحریری جواب کے مطابق 2022 میں اسلام آباد میں ڈکیتی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا دوسرے جواب میں بتایا گیا کہ 2022 ڈکیتی کے 35 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سال2022 میں چوری کے18 کیسز رجسٹرڈ ہوئے، دوسرے جواب میں بتایا گیا کہ 2022 میں چوری کے 3058 کیسز درج ہوئے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2023 میں اسلام آباد میں اب تک ڈکیتی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا، رواں سال 2023 میں چوری کے 21 کیسز کا اندراج ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2022 میں اسلام آباد میں قتل کے 177 مقدمات، زنا کے 68 کیسز، 673 گاڑیاں چوری اور عام چوری کے 2524 واقعات کا اندراج ہوا۔ رپورٹ کے مطابق 2022 میں اسلام آباد میں سائیکل چوری کے 3276 واقعات، غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے 1470 کیسز کا اندراج کیا گیا۔ وزارت داخلہ کا اسلام آباد کلب سے متعلق تحریری جواب کے مطابق اسلام آباد کلب کو 1968 اراضی الاٹ کی گئی تھی، اسلام آباد کلب کا سالانہ کرایہ 6 روپے فی مربع گز ہے۔