c آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے،میر لیاقت لہڑی

بلوچستان میں جیالا وزیر اعلیٰ لائیں گے جو صوبہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا،پی پی پی رہنماء

اتوار 10 دسمبر 2023 19:10

ؔکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء معروف ٹرانسپورٹر میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے قائد عوام اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق ملک اور قوم کے مسائل حل کرکے نوجوانوں ، کسانوں اور مزدوروں کو یوتھ کارڈ کے ذریعے سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی جس طرح بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے توسط سے کروڑوں لوگوں کو مالی فوائد پہنچائے جارہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا میر لیاقت لہڑی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہداء کی پارٹی ہے پارٹی نے شہداء کے خون کا نذرانہ دیکر ملک میں جمہوریت کی آبیاری کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی نے روز اول سے لیکر آج تک ملک اور قوم کی بہتری اور پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط بنانے پارلیمنٹ کی بالادستی ، اداروں کے استحکام ،عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے ہر دور میں اقتدار میں آکر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک اور قوم کی خدمت کی ہے پیپلز پارٹی نے اپنے سابقہ ادوار میں اٹھارویں ترمیم کی منظوری کے ساتھ ساتھ صوبائی خود مختاری صوبوں کو دینے کے علاوہ آغاز حقوق بلوچستان پیکج کے تحت بلوچستان کے 5 ہزار سے زائد لوگوں کو روزگار کی فراہمی ممکن بنائی اس کے علاوہ بلوچستان میں بڑے بڑے میگا منصوبے تعمیر کرائے جن منصوبوں کے پایہ تکمیل تک پہنچنے کے بعد بلوچستان اور اس کے باسی مستفید ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے پارٹی کامیاب ہوگی اور بلوچستان میں جیالا وزیر اعلیٰ لائیں گے جو بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔