کراچی : 17سالہ لڑکی کی پر اسرارموت، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

پیر 11 دسمبر 2023 16:31

کراچی : 17سالہ لڑکی کی پر اسرارموت، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2023ء) کورنگی مہران ٹائون میں پراسرار طور پر ہلاک ہونے والے 17سالہ لڑکی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، جس میں موت کی وجہ برین ہیمرج بتائی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹائون میں 17سالہ لڑکی کی پراسرارموت کا معمہ حل نہیں ہو سکا، 17 سالہ لڑکی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔

جناح اسپتال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ لڑکی کی موت برین ہیمرج سے ہوئی تاہم پوسٹ مارٹم کے دوران دیگر ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں جس کی رپورٹ انے کے بعد معاملہ واضح ہو جائے گا۔پولیس حکام کے مطابق لڑکی کے والدین نے شوہر اور سسرالیوں پر تشدد کا الزام لگایا ہے ، لڑکی کی چند ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔روما کے اہلخانہ نے الزام لگایا تھا کہ اس کا شوہراورسسرال والے اسے تشدد کا نشانہ بناتے تھے، جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی۔

(جاری ہے)

والد نے بیان میں کہا کہ اپنی بیٹی سے بہت پیار کرتا تھا ، راستے میں اطلاع ملی ،جناح اسپتال آکر دیکھا تو بیٹی کی لاش پڑی تھی ،میری بیٹی کی عمر 19 سے 20 سال تھی۔والد نے الزام لگایا تھا کہ ابتدائی دنوں سے ہی اولاد کیلئے بیٹی کو ساس تعویزپلایا کرتی تھیں، کل رات بیٹی سے بات ہوئی تو وہ بالکل ٹھیک تھی، صبح کال کی تو نمبر بند تھا ،سسرالی کی طرف سے جواب نہیں آرہا تھا۔

مقتولہ کے والد نے بتایاکہ بیٹی اکثر ماں سے ساس اور شوہر کے تشدد کی شکایات کرتی تھی، شبہ ہے ساس اور شوہر کے ذہنی دبائو،تشدد سے بیٹی کی موت ہوئی۔واضح رہے کہ گذشتہ روز کورنگی مہران ٹائون کی رہائشی 17 سالہ روما کی سسرال میں اچانک حالت بگڑ گئی تھی ، جس کے بعد روما کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹر سے بتایا کہ اس کی موت واقع ہو چکی ہے۔