صوابی ،مدرسے کے نوجوان معلم کو شاگردوں نےقتل کردیا

پیر 11 دسمبر 2023 16:54

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2023ء) صوابی کے علاقہ مرغز یوسفی روڈ پر مدرسے کے نوجوان معلم کو اپنے ہی شاگردوں نے بے دردی سے ذبح کردیا۔ صبح لاش مدرسے میں کمرے سے برآمد کی گئی۔ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔پولیس تھانہ زیدہ کے عملے کے مطابق سیف الہادی ولدرضوان اللہ سکنہ نستہ چارسدہ نے شاہ منصور ہسپتال صوابی کے پولیس عملے کو بتایا کہ میرا مقتول بھائی 24 سالہ نورالہادی مدرسہ زبیریہ مرغز صوابی میں پچھلے 9ماہ سے معلم کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہا تھا۔

پیر کی صبح مدرسہ کے دوسرے معلم نے مجھے فون کرکے بتایا کہ آپ کے بھائی نوالہادی کو مدرسے کے دو طالب علموں اسداللہ ولد محمد طاہر سکنہ دروش خیلہ سوات اور معاش ولد عبدالرشید سکنہ کاٹلنگ مردان نے اتوار اور پیر کی شب تیز دار آلے سے ذبح کرکے قتل کردیا ہے جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے کے بعد جب شاہ منصور ہسپتال صوابی پہنچا تو میرا بھائی قتل شدہ حالت میں پڑا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک معلوم نہیں کہ کن وجوہات پر میرے بھائی کو قتل کردیا گیا ہے۔ پولیس تھانہ زیدہ کے عملے نے مقتول معلم کے بھائی کی رپورٹ پر مدرسہ زبیریہ مرکز صوابی کے دو ملزمان طالب علموں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے مدرسے کے معلم کے قتل کے الزام میں دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :