شہبازشریف کا سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کو 9 سال مکمل ہونے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش

نو سال پہلے آج کے دن ہمارے معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا، پوری قوم دہشتگردی کیخلاف ایک بیانیے پر جمع ہوئی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آج پھر نواز شریف جیسے آہنی عزم و ارادے اور فیصلہ کن کاروائی کی ضرورت ہے‘ سابق وزیراعظم

ہفتہ 16 دسمبر 2023 12:33

شہبازشریف کا سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کو 9 سال مکمل ہونے پر شہداء ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2023ء) سابق وزیر اعظم وپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کو 9 سال مکمل ہونے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16دسمبر 2014ء کا دن ہم کبھی نہیں بھول سکتے، نو سال پہلے آج کے دن ہمارے معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، ہم شہدا، ان کے والدین اور اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کے غم میں شریک ہیں ، آج کے دن پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر جمع ہوئی ۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ 9 سال پہلے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ شروع کی گئی تھی، ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا ، آج کے دن سکیورٹی فورسز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بہادری اور شجاعت سے لڑ رہی ہیں ، وزیراعظم نواز شریف کی دہشت گردی کے خاتمے کی پالیسی پر عمل نہ روکا جاتا تو آج دہشت گردی دوبارہ زندہ نہ ہوتی ، وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گرد کسی کے دوست نہیں۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی مذمت سے نہیں، پاکستان دشمنوں کی مرمت سے ختم ہو گی ، افسوس دہشت گردوں کو واپس لاکر قوم کی زندگی سے کھیلا گیا، ملک کا امن تباہ کیا گیا، معیشت کی بنادیں ہلا دی گئیں ، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آج پھر نواز شریف جیسے آہنی عزم و ارادے اور فیصلہ کن کاروائی کی ضرورت ہے ، اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین