میرپورخاص کے عوام کو جیت کی پیشگی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

پیپلز پارٹی نے طاقت اور ریاست کی مکمل حمایت اور پارٹنر شپ سے 15سال حکمرانی کی،کنوینرایم کیو ایم پاکستان

ہفتہ 16 دسمبر 2023 18:29

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2023ء) یوم شہداء کے موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے تحت پوسٹ آفس چوک پر منعقدہ دعائیہ اجتماع سے کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رات کے اس پہر سخت سردی میں ایک زندہ قوم اپنے شہداء کو یاد کرنے کے لئے سڑک پر موجود ہے۔یہ ایسی قوم ہے جس کے شہداء کے دم سے یہ ملک قائم ہے۔

زندہ قومیں ہمیشہ آگے بڑھتی رہتی ہیں۔آج یقین کا قافلہ پاکستان سے سوال کرتا ہے۔ یہ قافلہ مکے سے نکلا اور مدینے پہنچا تو مہاجر بنا۔میرپورخاص جاگ رہا ہے۔ میرپورخاص کا ضمیر جاگ رہا ہے۔ہمارے آبائو اجداد نے پاکستان بنانے کا ارادہ کیا تھا ہم نے پاکستان بچانے کا ارادہ کیا ہے۔ ملک کو جاگیردارانہ اور موروثی سیاست سے آزاد کرانا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے وسائل و اقتدار پاکستانیوں کے حوالے کرنا ہے۔

میرپورخاص کے عوام کو جیت کی پیشگی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان نے تین نکات پیش کئے ہیں ، نہیں مانے گئے تو چھ ہوجائیں گے۔آزادی کے بعد پاکستان ان کے ہتھے لگا جو بہترین غلام تھے۔ سازشیں اور مخبری کرنے والوں، انگریز کے ایجنٹوں سے پاکستان آزاد کرانا ہے۔کراچی ، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، نواب شاہ چلتا ہے تو ملک پلتا ہے۔

ایوانوں سے مسئلہ حل نہ ہوا تو میرپورخاص کی سڑک فیصلہ کرے گی۔ایوانوں، عدالتوں اور قانون نے فیصلہ نہ کیا تو ہم فیصلہ اپنے ہاتھ میں لے لیں گے۔ لہو کا بہنا رائیگاں نہیں جائے گا۔پیپلز پارٹی نے طاقت اور ریاست کی مکمل حمایت اور پارٹنر شپ سے 15سال حکمرانی کی۔عہد کریں کہ پاکستان بچانے کی نئی جدوجہد کا آغاز کریں گے۔آئین کی تبدیلی کے سوا دوسرا کوئی راستہ نہیں۔

ہم خوش نصیب ہیں کہ آزادی ملی، بدنصیب ہیں کہ آزادی کی قدر نہیں کی۔یہ قوم شہادتوں کے سفر سے کبھی پیچھے نہیں ہٹی۔ہم شہادت کے سفر کے امین ہیں۔اس ملک کو بنانے، بچانے اور سنوارنے کے لئے جو خون لگا وہ ہمارے آبائو اجداد کا تھا۔آج میرپورخاص نے حق ادا کردیا، کامیابی ہمارا مقدر بنے گی۔سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی قوم کے شہداء اس کا فخر ہوتے ہیں۔

شہداء کے لہو کا صدقہ ہے کہ ہم آج زندہ ہیں۔جن شہداء نے حق کی راہ میں اپنی جانیں دیں وہ کامیاب ہوگئے۔ہم اللہ کے سامنے کہیں گے کہ ہم نے شہداء کے لہو کا سودا نہیں کیا۔ملک آزاد ہوئے 70سال سے زائد بیت گئے،دنیا چاند پر جا رہی ہے اور ہم گٹر کا ڈھکن نہیں لگا سکے۔پاکستان کو کما کر دینے والے شہر کراچی کے بچے کھلے گٹر میں گر کر جان دے رہے ہیں۔

اسپتالوں میں سگ گزیدگی کی ویکسین تک دستیاب نہیں۔ظالم حکمران بددعائوں سے نہیں مرے گا، جدوجہد کرنا ہوگی۔ہماری نسلوں کا خون پینے والوں کا ہی نہیں ہم سب کا بھی امتحان ہے۔بہتر مستقبل کے لئے اپنا آج قربان کرنا ہوگا۔ہمیں شہداء کے لہو کا قرض چکانا ہے، آج ہر زبان بولنے والا ہمارے ساتھ ہے۔گولی، بارود کی ضرورت نہیں، اللہ ڈینگی وائرس سے کام کردے گا۔

2018؁ء میں جعلی حلقہ بندیوں کے ذریعے مینڈیٹ چھینا گیا۔مقدمہ جیت کر کھوئی ہوئی نشستیں واپس حاصل کرلیں گے۔مظلوم کی خاموشی کی وجہ سے آج ظالم طاقتور ہے۔ہمیں کوٹہ سسٹم پر بھی کوٹہ نہیں دیا جاتا، جعلی ڈومیسائل کے ذریعے کوٹہ ہڑپ کر لیا جاتا ہے۔ بلاول بھٹو وزیر اعظم بننے کی کوششوں میں لگے ہیں۔لاڈلا بنانے کی فرمائش کی جارہی ہے۔سندھ کے اسپتالوں میں علاج نہیں، پینے کا پانی نہیں، کوئی سرکاری کام بغیر رشوت نہیں ہوتا۔

کیا بلاول بھٹو لاہور میں کھڑے ہوکر کہہ سکتے ہیں کہ وہ لاہور کو کراچی جیسا بنا دیں گے۔ پی پی پی کے پاس کوئی ایک ماڈل یونین کائونسل نہیں جسے دکھا کر ووٹ مانگ سکے۔ہم میں سے کسی کی روزی روٹی ایم کیو ایم نہیں۔ہم کمزور نہیں ، اللہ ہمارے ساتھ ہے، میرا رب پی پی پی سے زیادہ طاقتور ہے۔ظلم کی سیاست کے خاتمے کا وقت آچکا ہے۔اختیارات و وسائل وزیر اعلیٰ ہائوس سے نکال کر لاڑکانہ سمیت سندھ کے تمام شہروں،گلی کوچوں میں لانا ہے۔

ڈپٹی کنوینر عبدالوسیم نے کہا کہ پاکستان بنا تو 20لاکھ جانوں کی قربانیاں دی گئیں۔عوام کے درمیان ایم کیو ایم پاکستان کے سوا کوئی نہیں۔ملک میں جاگیردارانہ نظام آج بھی قائم ہے۔جعلی حلقہ بندیوں کے ذریعے چھینی گئی نشستیں واپس لیں گے۔اجتماع سے رکن رابطہ کمیٹی شبیر احمد قائمخانی،انچارج ایس ٹی سی سلیم رزاق، ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم اور سابق ایم این اے سنجے پیروانی نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر انیس قائمخانی، اراکین رابطہ کمیٹی، اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی، تمام یوسیز و ٹائونز کے ذمہ داران و کارکنان، اے پی ایم ایس او، شعبہ خواتین،لیگل ایڈ کمیٹی اور ایلڈرز ونگ سمیت دیگر تمام شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔بعد ازاںسانحہ سقوط مشرقی پاکستان،سانحہ قصبہ علیگڑہ سمیت تمام تحریکی شہداء اور سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے بلند درجات و لواحقین کے لئے صبر جمیل، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ، پاکستان کی سلامتی و استحکام اور ایم کیو ایم پاکستان کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔