جمعیت علماء اسلام (س) ملک بھر سے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی،مولانا حامد الحق حقانی

مختلف محب وطن اور اسلام پسند، نظریہ اسلام و پاکستان پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ و اتحاد کریں گے (مولانا حامد الحق حقانی)

بدھ 20 دسمبر 2023 18:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 دسمبر2023ء) جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر ، دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام (س) ملک بھر سے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت مختلف محب وطن اور اسلام پسند بلخصوص نظریہ اسلام و نظریہ پاکستان پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ وانتخابی اتحاد کریں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائ اسلام (س) کی صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع سے جمعیت کے ارکان نے شرکت کی اور آنے والے انتخابات کے لئے جمعیت کے امیدواروں پر غور کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور کے قومی و صوبائی حلقوں بلخصوص این اے 30،31،32 اور پی کے 80،81،82 سمیت کرک، ہنگو، بنوں ، کرم، مہمند، ہزارہ ڈویڑن، نوشہرہ ، مردان سمیت دیگر اضلاع میں امیدوار کھڑے ہونگے۔

اجلاس میں بلوچستان ، صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ سے امیدواروں کے ناموں کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے جمعیت کے صوبائی امیر مولانا عبد الواحد خطیب ، نائب امرائ مولانا سبز علی خان کرک، حافظ عبد الرفیع ہنگو، رحیم اللہ خان سوات، بٹگرام سے مولانا فقیر محمد ہزاروی ، ہری پور سے قاری یوسف ، مولانا امداد اللہ، نوشہرہ سے مولانا اسامہ سمیع ، مولانا خزیمہ سمیع، مولانا لقمان الحق ، باجوڑ سے مولانا امین حقانی ایڈوکیٹ ، کرم سے حافظ رشید احمد ، مردان سے مولانا حکیم خلیل حقانی ، مولانا زین العارفین ، مولانا عبد السمیع ، مہمند سے مفتی شیر زمین حقانی ، چارسدہ سے مفتی عتیق الرحمن ، بونیر سے مولانا مسلم،مردان سے مولانا فتح الباری رستمی، مولانا عرفان حقانی کرک و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس سے صوبائی امیر مولانا عبد الواحد خطیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق شہید کا مشن بھرپور انداز میں مولانا حامد الحق حقانی کی قیادت میں جاری رکھیں گے۔ ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہے۔ یاد رہے گزشتہ چند ہفتوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے مولانا حامد الحق حقانی سے انکی رہائش گاہ اکوڑہ خٹک میں ملاقاتیں کیں ہے اور آنے والے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔