فیصل صالح حیات کا ن لیگ میں شامل ہونے کا فیصلہ‘ کل شمولیت متوقع

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور صدر ن لیگ شہباز شریف کل ایک روزہ دورے پر جھنگ شاہ جیونہ جائیں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 دسمبر 2023 15:18

فیصل صالح حیات کا ن لیگ میں شامل ہونے کا فیصلہ‘ کل شمولیت متوقع
جھنگ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 دسمبر 2023ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر مخدوم فیصل صالح حیات نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور پارٹی کے صدر شہباز شریف کل ایک روزہ دورے پر ضلع جھنگ کے علاقہ شاہ جیونہ جائیں گے، جہاں سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی پنجاب کے اہم رہنماء اور سابق وفاقی وزیر مخدوم فیصل صالح حیات اس موقع پر مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

بتایا جاہا ہے کہ جھنگ، جنوبی پنجاب اور فیصل آباد سے کئی دیگر اہم سیاسی شخصیات نے بھی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے، سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات میں سابق ارکان اسمبلی اور سیاسی شخصیات نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، مولانا ایم آصف معاویہ، بابر خان سیال، مسز نیلم سیال، مہر اسلم بھروانہ، شیخ ایم یونس، خالد محمود سرگانہ مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والوں میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح چوہدری خالد غنی، امیر عباس سیال، فیصل حیات جبوانہ، شیخ یعقوب، مسز شیخ یعقوب، رئیس محمد ابراہیم بھی مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے، مزاری قبیلے کی سرکردہ سیاسی شخصیت سردار ریاض خان مزاری اور سابق سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد خان مزاری نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کیا، اس موقع پر شہباز شریف نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا اور مبارک دی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک گھر ہے جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے، آپ کی شمولیت سے پاکستان کی ترقی کا سفر تیز ہوگا، مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے کے لئے نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں، پاکستان کو معاشی طور پر پیروں پر کھڑا کرنے کی جدوجہد سب مل کر کریں گے، پاکستان کو درپیش بحرانوں کا مقابلہ اتحاد، اتفاق اور سیاسی تعاون کی قوت سے کریں گے۔